رسائی کے لنکس

متنازع ٹوئٹس کیس: سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کر دیا گیا


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ایوانِ بالا کے رکن سینیٹر اعظم خان سواتی کو رہا کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں سب جیل سے منگل کو ان کی رہائی کے وقت پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان پر گل پاشی بھی کی۔

اعظم سواتی کے وکلا نے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے تھے جس کے بعد سی آئی اے سینٹر سے ان کی رہائی عمل میں آئی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر کو متنازع ٹوئٹس کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

اعظم سواتی کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کی ہائی کورٹس کے احکامات کے بعد ان کے خلاف مقدمات ختم کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 21 دسمبر کو ٹرائل کورٹ سے سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت کی درخواست مسترد ہوئی تھی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف 26 نومبر 2022 کو متنازع سوشل میڈیا پوسٹس کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا جب کہ ان کو 27 نومبر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا

پاکستان تحریکِ انصاف نے موجودہ حکومت کی آٹھ ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔

لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں سربراہ تحریکِ انصاف اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر مہنگائی کی نئی لہر آئی تو ملک انتشار کی طرف جا سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف الیکشن ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے پاس ہی مینڈیٹ ہو گا کہ وہ ملک کے لیے مشکل فیصلے کر کے اس بھنور سے نکالے۔

عمران خان کا کہنا تھا اگر آئی ایم ایف نے اس حکومت سے کہا کہ مشکل فیصلے کریں تو ان کے لیے آسان نہیں ہو گا کیوں کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کے بقول شہباز شریف نے اقتدار میں آنے سے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ وہ چھ ماہ میں ملک کے مسائل حل کر دیں گے، اب وہ بری طرح بے نقاب ہو رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک کو مشکلات سے نکالنے کا اور کوئی حل نہیں ہے۔

مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بنا دیا گیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پارٹی کے تنظیمی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کر دیا ہے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ پارٹی صدر کے فیصلے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کو پارٹی کی ازسرِ نو تنظیم سازی کی ذمے داری بھی سونپی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کی عمران خان کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت

سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 'نازیبا' زبان استعمال کرنے پر توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر اپنے بیانات کی وضاحت کی ہدایت کی تھی۔ تاہم ان میں سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا تھا۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توہینِ الیکشن کمیشن کے نوٹسز کو اعلٰی عدالتوں میں چیلنج کر دیا تھا۔ ان رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توہینِ الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کرنا غیر آئینی ہے۔

البتہ الیکشن کمیشن نے بھی اس حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جس پر منگل کو فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

XS
SM
MD
LG