رسائی کے لنکس

ووٹ لینے کے لیے انتخابی امیدواروں کے مختلف انداز


الیکشن 2013 کی انتخابی مہم کے دوران ملک بھر کی سیاسی جماعتیں عوام سے ووٹ لینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں

پاکستان میں جیسے جیسے انتخابی معرکے کا دن قریب آتا جارہا ہے ویسے ہی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

الیکشن مہم کے دوران ملک بھر کی سیاسی جماعتیں عوام سے ووٹ لینے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں کہ بس زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے اقتدار کی کرسی سنبھال لیں۔

ملک کے سب سے اہم شہر کراچی میں گزشتہ دنوں انتخابی امیدواروں کے قتل کے واقعات اور تخریب کاروں کی جانب سے انتخابی دفاتر کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنانے کے واقعات کے باوجود خوف کے سائے تلے شہر میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے شہریوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے مختلف انداز اپنائے جا رہے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے اپنے انتخابی دفاتر میں لاوڈ اسپیکر کے ذریعے سیاسی ترانے بجا کر عوام کی توجہ حاصل کرنے میں مصروف ہیں تو مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے انتخابی نشانات کو استعمال کرکے ووٹرز کو خوب مرعوب کیاجارہا ہے۔

تحریک انصاف کا ' بلا':
پاکستان تحریک انصاف کے قائد ویسے تو ملک بھر میں انتخابی جلسوں کے دوران اپنا انتخابی نشان 'کرکٹ کا بلا' لہراتے دکھائی دیتے ہیں
مگر گزشتہ روز شہر کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شہر کی مشہور شاہراہ پر انتخابی دفتر کے باہر ایک قد آوربلا نصب کیا گیا ہے جس پر پارٹی کے قائد عمران خان سمیت حلقے کے امیدوار کی تصویرنمایاں ہے۔

اتنا بڑا انتخابی نشان بلا ووٹرز سمیت گلی محلوں میں کرکٹ کھیلنے والے بچوں کی توجہ حاصل کررہا ہے۔



جماعت اسلامی کا ' ترازو' ، پاکستانی پرچم اور پارٹی پرچم:

ایک اور سیاسی جماعت 'جماعت اسلامی' کے حلقے 250 میں بھی عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے قد آور 'ترازو' نصب کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز جماعت اسلامی کے جلسے میں پارٹی کارکنان کی جانب سے کئی میٹر لمبے کپڑے سے بنائے گئے پارٹی پرچم سمیت پاکستان کا قومی پرچم نمایاں کر کے حب الوطنی کا ثبوت پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔




شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر لگی پتنگیں:

'متحدہ قومی موومنٹ' کی انتخابی مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد اور پارٹی کے مختلف سیاسی ترانے لاوڈ اسپیکر پر چلائے جا رہے ہیں
جبکہ شہر کی متعدد شاہراہوں اور چوک پر پارٹی پرچموں سمیت انتخابی نشان 'پتنگیں' بھی نمایاں ہے۔


انتخابی مہم میں 'اونٹوں' کا سہارہ

گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں سیاسی جماعت مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں کی جانب سے انتخابی ریلی نکالی گئی جس میں گاڑیوں ، ٹرکوں سمیت'اونٹ' بھی شامل تھے۔

مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اونٹوں ہر سوار ہوئے پارٹی پرچم لہراتے ہوئےشہر کی سڑکوں پر رواں دواں نظر آرہے تھے جس سے شہری خوب لطف اندوز ہوتے دکھائی دئے۔


سیاسی جماعتوں کے اشتہاری ہورڈنگز:

پاکستان کے صنعتی شہر کراچی میں آئے روز ہر نئی پراڈکٹ کے اشتہارات سے جہاں ہر سڑک پر بڑے بڑے ہورڈنگز نمایاں نظر آتے ہیں انتخابات سے قبل یہی سڑکیں سیاسی جماعتوں کے پارٹی اشتہارات سے سجی نظر آرہی ہیں۔اپنی پارٹی کی مشہوری کیلئے ان اشتہارات پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہزاروں روپیہ خرچ کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG