رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا میں مزید 4 بچوں میں پولیو کی تصدیق، ملک بھر میں 98 کیسز ہوگئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے چار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں سال کے دوران ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 98 جبکہ صوبے میں تعداد 72 ہو گئی ہے۔

پولیو سے متاثرہ چار بچوں کی تصدیق ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب صوبے بھر میں 16 دسمبر سے دوسری اور آخری انسداد پولیو مہم کی تیاریاں جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے تین بچوں جبکہ تحصیل ٹانک سے تعلق رکنے والی12 ماہ کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

لکی مروت سے تعلق رکنے والی دو بچیوں کی عمریں 11,11ماہ ہیں جبکہ ایک بچے کی عمر تین ماہ ہے۔

ان بچوں کے حوالے سے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری میں ٹیسٹس کے بعد پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

صوبے میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر ایمر جنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے کو آرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ضروری ہے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں اور انہیں معذوری سے بچائیں۔

XS
SM
MD
LG