برطانیہ میں مانچسٹر کی پولیس نے گزشتہ پیر کو ہونے والے مہلک بم حملے میں ملوث خودکش بمبار کی حملے سے پہلے کی تصاویر جاری کی ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور 22 سالہ سلمان عبیدی اریانا گرینڈے کے کنسرٹ کے موقع پر مانچسٹر ایرینا میں موجود ہے اور اس نے سیاہ جیکٹ، جینز اور ٹوپی پہن رکھی ہے اور پشت پر ایک بیگ لٹکا رکھا ہے۔
ممکنہ طور پر اسی بیگ میں دھماکا خیز مواد رکھا ہوا تھا جس کے پھٹنے سے یہاں 22 افراد ہلاک اور 119 زخمی ہو گئے تھے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ عبیدی بم دھماکے سے چار روز قبل یعنی 18 مئی کو لیبیا سے واپس برطانیہ آیا تھا۔ ان کے بقول ان تصاویر کو دیکھ کر ہو سکتا ہے لوگوں کو اس کے بارے میں کوئی بات یاد آئے جو اس کے معمولات سے متعلق آگاہی فراہم کر سکے۔
ہفتہ کو دیر گئے گریٹر مانچسٹر کے پولیس سربراہ این ہاپکنز اور ان کے نائب نیئل باسو کا کہنا تھا کہ تفتیش میں اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔
تحقیقات کے سلسلے میں اب تک 13 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے اور حکام کے بقول گزشتہ پانچ دنوں میں عبیدی، اس کے اقربا، منگیتر اور جہاں کہیں بھی وہ رہا اچھی خاصی معلومات حاصل کی جا چکی ہے۔
برطانیہ نے ہفتہ کو ہی خطرے کی شرح کو "سنگین" سے کم کر کے "شدید" کی سطح پر کر دیا جس کا مطلب ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے لیکن اس کے امکانات زیادہ نہیں۔