|
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھارت کے پہلے نجی ملٹری ایئر کرافٹ پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے جہاں یورپی طیارہ ساز کمپنی 'ایئر بس' کے اشتراک سے 40 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے اسمبل کیے جائیں گے۔
پیر کو پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم مودی کے ہمراہ اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
یہ پلانٹ بھارت کے بڑے کاروباری گروپ 'ٹاٹا' نے بھارتی ریاست گجرات کے شہر وڈودرا میں تعمیر کیا ہے۔ 'ٹاٹا' ایڈوانسڈ سسٹم لمیٹڈ (ٹی اے ایس ایل) کے تحت بننے والے اس پلانٹ کو ’فائنل اسمبلی لائن کمپلیکس‘ کا نام دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزارتِ دفاع نے 2021 میں 'ایئربس' کے ساتھ 56 سی 295 طیارے خریدنے کے لیے 2.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا۔ یہ طیارے بھارتی ایئر فورس کے حوالے کیے جائیں گے۔
یہ طیارے ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
سی 295 طیارے پہلے اسپین کی ایک کمپنی 'کاسا' بناتی تھی۔ تاہم اب یہ کمپنی 'ایئر بس' کا حصہ ہے۔
یہ معاہدہ بھارتی وزیرِ اعظم کے 'میک ان انڈیا' منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہے۔
معاہدے کے تحت 56 میں سے 16 طیارے 'ایئر بس' کی اسپین میں واقع فیکٹری میں تیار کیے جائیں گے جن میں سے چھ بھارتی فضائیہ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
بھارت سی 295 کی تیاری کے لیے درکار 13 ہزار پرزے خود بنائے گا جب کہ طیارے کا 85 فی صد بنیادی ڈھانچہ بھی بھارت میں ہی تیار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے بھارت کی کئی سرکاری اور نجی کمپنیوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بعد بھارت میں تیار ہونے والا پہلا سی 295 طیارہ ستمبر 2026 تک بھارتی فضائیہ کے حوالے کر دیا جائے گا جب کہ 40 طیاروں کی بھارتی فضائیہ کو فراہمی کا عمل 2031 تک مکمل ہو جائے گا۔
سی 295 طیارہ 71 فوجیوں یا 50 پیراٹروپرز کو دُور دراز علاقوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے جب کہ کسی بھی قدرتی آفت کے باعث لوگوں کے انخلا اور سمندری حدود کی نگرانی کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔
فورم