رسائی کے لنکس

نواز شریف ازبکستان کے دو روزہ دورے پر تاشقند میں


دونوں ممالک توانائی، تجارت، ثقافت، علاقائی رابطوں، سیاحت اور لوگوں کے درمیان روابط سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف منگل کو ازبکستان کے دو روزہ دورے پر تاشقند پہنچے جہاں وہ علاقے کے امن اور استحکام پر بات کریں گے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق انہوں تاشقند ایئر پورٹ پر اپنے ازبک ہم منصب شفقت مرزیایوف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ معاملات پر بات چیت کی گئی۔

تاشقند میں دونوں رہنماؤں کی ایک علیحدہ ملاقات بھی متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر مزید بات چیت کی جائے گی۔

دونوں ممالک توانائی، تجارت، ثقافت، علاقائی رابطوں، سیاحت اور لوگوں کے درمیان روابط سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس دورے کے دوران خارجہ امور پر وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔

دونوں ممالک اسلامی کانفرنس تنظیم، اقتصادی تعاون تنظیم اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں اور قریبی علاقائی ساتھی ہونے کی حیثیت سے مشترکہ مفادات رکھتے ہیں۔

اس دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دستاویزات پر دستخط کے علاوہ ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان پاکستان کے دورے پر تھے۔

ان دوروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا کے ممالک سے تعلقات میں فروغ کو ترجیح دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG