ترکی کے سبیکا کوچن ائیر پورٹ میں مسافر طیارہ رن وے سے اترنے کے بعد تباہ ہو گیا۔ حادثے میں تین افراد ہلاک اور 157 زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ترکی کے مسافر طیارے کو حادثہ بدھ کو پیش آیا۔ طیارہ ازمیر کے ایئر پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔
ترکی کے وزیرِ صحت فاہریتین کوچا، نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والے مسافروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے اپنے بیان میں بتایا کہ طیارے میں 177 افراد اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ طیارہ خراب موسم کی وجہ سے رن وے سے پھسل گیا اور پچاس ساٹھ میٹر دور چلا گیا تھا۔
متاثرہ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ایک ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ لینڈ کرنے کے بعد تیزی سے رن وے پر پھسلتا جا رہا ہے۔
ائیر لائن پیگاسس کا کہنا تھا کہ طیارہ رن وے سے پھسل گیا تھا۔ بوئنگ کمپنی کا یہ جہاز 737-86J تین حصوں میں ٹوٹ گیا۔
براڈ کاسٹر این ٹی وی کے مطابق، طیارے نے ایسی صورت میں لینڈ کرنے کا فیصلہ کیا جب اس کی پشت سے تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور پہلے ہی اس وجہ سے دو فلائٹس دوسرے ایئر پورٹ بھیج دی گئی تھیں۔
ترکی کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق، ایئر پورٹ پر آنے والی فلائٹس کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔