رسائی کے لنکس

’ایم ایچ 370‘ طیارے کے ملبے کا ممکنہ ٹکڑا فرانس بھیج دیا گیا


بوئنگ کمپنی نے بھی ماہرین کی ایک ٹیم فرانس بھیجی ہے جو کہ اس ٹکڑے کا معائنہ کرے گی۔

ملائیشیا کی فضائی کمپنی کے گزشتہ سال لاپتا ہونے والے مسافر طیارے ’ایم ایچ 370‘ کے ایک ممکنہ حصے کو بحر ہند کے جزیرے ری یونین سے فرانس پہنچا دیا گیا ہے جہاں ماہرین کا اس کا جائزہ لیں گے۔

ملائیشین ایئرلائنز کا بوئنگ 777 جہاز گزشتہ سال آٹھ مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ کے لیے روانہ ہوا لیکن کچھ ہی دیر بعد یہ لاپتا ہو گیا۔ اس پر عملے سمیت 239 افراد سوار تھے۔

دو درجن سے زائد ممالک کی ٹیمیں بحر ہند میں اس جہاز کو تلاش کرتی رہیں جہاں خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پرواز کے دوران یہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔ لیکن کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی تلاش کی سرگرمیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔

رواں ہفتے بحر ہندی کے ایک جزیرے سے جہاز کے پر کا ایک ٹکڑا ملا جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ یہ لاپتا ملائیشین طیارے کا ہو سکتا ہے۔

بوئنگ کمپنی نے بھی ماہرین کی ایک ٹیم فرانس بھیجی ہے جو کہ اس ٹکڑے کا معائنہ کرے گی۔

دو میٹر لمبے اس ٹکڑے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ جہاز کے پر کا حصہ ہے جسے فلیپرون کہتے ہیں۔

جہاں سے یہ ٹکڑا ملا وہ اس مقام سے 3500 کلومیٹر دور ہے جہاں آخری بار ملائیشین طیارے کے بارے میں معلومات موصول ہوئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG