کنور رحمان خاں
منگل کی صبح پاکستان کی قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پرواز پی کے سات سو سولہ میں ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
اطلاعات کے مطابق ملتان کے قریبی گاؤں کی رہائشی ایک خاتون عمرہ کی غرض سے سعودی عرب گئی تھی جو منگل کی صبح براسة ہوائی جہاز ملتان آ رہی تھی کہ راستے میں اس کی طبیعت بگڑی اور اس نے اپنی بیٹی کو جنم دیا۔
پی آئی اے کے مطابق پی کے 716 پرواز سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی رات ساڑھے گیارہ بجے روانہ ہونا تھی جو تین گھنٹے تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔
پرواز کو موسم کی خرابی کے باعث کراچی اتارا گیا۔
بچی کے والد کا نام عمران بتایا جاتا ہے جو سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں۔ بچی کی پیدائش کے بعد کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود سول ایوی ایشن کے طبی حکام نے پیدائش کے بعد بچی کا چیک اپ بھی کیا اور اسے صحت مند قرار دیا۔
پی آئی اے کے ترجمان اطہر اعوان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کے قوانین کے تحت32 ہفتے کی حاملہ خواتین سفر نہیں کر سکتیں ۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس بچی کی پیدائش قبل از وقت ہوئی ہے۔
دوران پرواز پی آئی اے کے عملے کی جانب سے بروقت انتظامات کو تمام مسافروں نے سراہا۔ فضا میں بچی کی پیدائش پر جہاز کے عملے اور مسافروں کي خوشي ديدني تھي۔