رسائی کے لنکس

ہلری کلنٹن نمونیا سے ’صحت یاب ہو رہی ہیں‘: ڈاکٹر


ہلری کلنٹن کی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار نمونیا سے "اچھی طرح صحت یاب ہو رہی" ہیں اور وہ "امریکہ کے صدر کے طور پر کام کرنے کے لیے" صحت مند ہیں۔

ہلری کی انتخابی مہم کے منتظمین کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر لیزا بارڈیک نے کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کے سینے کا اسکین ٹیسٹ کیا گیا جس سے یہ ظاہر ہوا کہ انہیں "ہلکا غیر متعدی بیکٹیریائی نمونیا ہوا"۔ ڈاکٹر لیزا نے کہا کہ "(ہلری) اینٹی بائیوٹک دواؤں کے استعمال اور آرام کرنے سے بہتر ہو رہی ہیں۔"

ہلری جمعرات کو اپنی مہم دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کی بیماری کے بارے میں اس وقت لوگوں کو پتہ چلا جب 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کے 15 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک تقریب کو چھوڑ کر وہ چلی گئی تھیں اور ایک وڈیو میں انہیں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ گاڑی میں بیٹھ رہیں تھیں تو اس وقت اُنھیں سہارا دیا گیا۔

اس کے بعد سے ہلری کی صحت سے متعلق سوالات اُٹھائے جاتے رہے، جس کی بنا پر ان کے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی ہلری پر تنقید کا ایک موقع ملا کیوں کہ ٹرمپ اکثر اس بارے میں سوال اٹھاتے رہتے ہیں کہ آیا ہلری اتنی توانا ہیں کہ وہ بطور کمانڈر انچیف اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں گی۔

ڈاکٹر لیزا بارڈیک کے مطابق ہلری کلنٹن کی بیماری کا تعلق موسمیاتی الرجی سے ہے، جو بعد ازاں اوپری سانس کی نالی کی انفیکشن کی وجہ بنی۔

دوسری طرف ٹرمپ نے کہا کہ وہ باقی امریکیوں کی ہی طرح ہیں اور وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹر محمد أوز کے ٹی وی پروگرام میں کہا کہ وہ سات سے نو کلو گرام تک وزن کم کرنا چاہیں گے۔ ٹرمپ کا قد چھ فٹ تین انچ ہے اور ان کا وزن ایک سو سات کلو گرام ہے جو کہ معیار سے کچھ زیادہ ہے۔

یہ پروگرام جمعرات کو نشر کیا جائے گا، لیکن وہ لوگ جو اس پروگرام کی ریکارڈنگ میں شریک تھے، انہوں نے اس بارے میں معلومات سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے ڈاکٹر اُوز کو گزشتہ ہفتے ہونے والے اپنے طبی معائنے کی ایک صفحے پر لکھی ہوئی تفصیل فراہم کی۔

ٹرمپ انتخابی مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات جمعرات کو جاری کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کولیسٹرول کی زیادتی کو کم کرنے والی ادویہ کا استعمال کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG