رسائی کے لنکس

افغانستان سے امریکی فوج کو واپس بلایا جانا چاہیے: پیٹ بٹیجج


پیٹ بٹیجج، صدارتی نامزدگی جیتنے کے خواہشمند ڈیمو کریٹک امیدوار
پیٹ بٹیجج، صدارتی نامزدگی جیتنے کے خواہشمند ڈیمو کریٹک امیدوار

ڈیموکریٹک پارٹی کےنمایاں صدارتی امیدوار اور ریاست انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ کے سابق میئر پیٹ بٹیجج نے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ہم افغانستان سے اپنی برَی فوج کو واپس بلائیں۔ تاہم، انھوں نے کہا کہ ’’انخلا کے عمل میں افغان حکومت کو شامل کیا جانا چاہیے‘‘۔

انھوں نے یہ بات نیو ہمپشائر میں بدھ کے روز وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ ان سے پوچھا گیا تھا،کہ آیا وہ چاہیں گے کہ افغانستان میں امریکی فورسز کو تعینات رکھنا چاہیے؟۔

اس سوال پر کہ اگر وہ پارٹی کے صدارتی امیدوار بنتے ہیں اور انتخاب جیتتے ہیں تو افغانستان سے متعلق ان کی پالیسی کیا ہوگی، پیٹ بٹیجج نے کہا کہ ’’ہم چاہیں گے کہ اس متعلق بین الاقوامی برادری سے بات کی جائے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’ڈیموکریٹ پارٹی اس بات کی خواہاں ہوگی کہ افغانستان میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے‘‘۔

امریکی افواج افغانستان بھیجنے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’’معاملہ امریکی سلامتی کو یقینی بنانے کا تھا‘‘، جب کہ بین الاقوامی مقاصد اس سے آگے جاتے ہیں۔

پیٹ بٹیجج نے مزید کہا کہ ’’امریکہ کا مقصد افغانستان میں خوش حالی اور سلامتی، خواتین کی ترقی اور جمہوریت کو فروغ دینا ہے، جس سلسلے میں ہمیں اپنے حصے کا کام پورا کرنا ہوگا‘‘۔

انھوں مزید کہا کہ ’’یہ ایسا معاملہ ہے جو امریکہ تنہا حل نہیں کر سکتا، بلکہ عالمی برادری کے ساتھ شراکت داری سے ہی اسے مکمل کیا جانا چاہیے‘‘۔

آئیووا اور نیو ہیمپشائر میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدواروں کے انتخاب میں بٹیجج نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

38 سالہ پیٹ بٹیجج حال ہی میں امریکی ریاست آئیووا میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لئے ہونے والے ابتدائی مرحلے کاکس میں 78 سالہ سینیٹر برنی سینڈرز کے ساتھ نمایاں امیدوار بن کر ابھرے ہیں۔

ریاست نیو ہیمپشائر میں منگل کو اسی سلسلے کی پہلی ڈیمو کریٹک پرائمری ووٹنگ میں برنی سینڈرز 26 فی صد ووٹ حاصل کرکے سرِ فہرست رہے، جب کہ پیٹ بٹیجج انتہائی کم فرق سے 25 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔

پیٹ بٹیجج ڈیمو کریٹک پارٹی میں اعتدال پسند سوچ کے حامل حلقے کی نمائیندگی کرتے ہیں۔ وہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے میں دوبارہ شمولیت اور افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے حامی ہیں۔

XS
SM
MD
LG