رسائی کے لنکس

'پینٹاگون پیپرز' 40 برس بعد عوام کیلیے جاری


'پینٹاگون پیپرز' 40 برس بعد عوام کیلیے جاری
'پینٹاگون پیپرز' 40 برس بعد عوام کیلیے جاری

امریکہ کے نیشنل آرکائیوز نے 'پینٹاگون پیپرز' کے نام سے معروف 45 برس قبل تیار کی گئی خفیہ سرکاری تحقیقاتی رپورٹ عوام کیلیے جاری کردی ہے۔

اپنی تیاری کے وقت امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے "خفیہ" قرار دی گئی اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح اس وقت کی امریکی انتظامیہ نے کانگریس، امریکی عوام اور اتحادی ممالک کو دھوکے میں رکھ کر ویتنام کے بحران کو ہوا دی تھی۔

مذکورہ دستاویز کی باقاعدہ اشاعت سے امریکہ میں ایک بار پھر آزادی صحافت اور سرکاری امور میں شفافیت جیسے معاملات پر قومی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔

مذکورہ دستاویز کے کچھ حصے سب سے پہلے 40 برس قبل 1971ء میں 'نیویارک ٹائمز' نے شائع کیے تھے۔ اس کے بعد آنے والے کئی برسوں تک رپورٹ کے بیشتر حصے وقتاً فوقتاً ذرائع ابلاغ میں آتے رہے تاہم پیر کے روز سامنے آنے والی باقاعدہ اشاعت سے مذکورہ دستاویز پہلی بار مکمل صورت میں عوام کے سامنے آئی ہے۔

سات ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل اس رپورٹ کے بارے میں فوجی تجزیہ کار ڈینئل ایلزبرگ نے امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ مذکورہ اشاعت سے کوئی نئی بات سامنے آنے کی امید نہیں ہے کیونکہ اس سے متعلق بیشتر حقائق پہلے ہی منظرِ عام پر آچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG