رسائی کے لنکس

علاقائی امن کے لیے پاک افغان تعاون ناگزیر


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن و خوشحالی کے لیے پاک افغان تعاون کا تسلسل ناگزیر ہے۔

پاکستانی وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کو لکھے گئے خط میں اُنھوں نے کہا کہ وہ عوامی اور نجی سطحوں پر متواتر یہ بات کہہ چکے ہیں کہ دونوں ہمسایہ ممالک ’’جڑواں بھائی‘‘ ہیں۔

’’اس لیے ضروری ہے کہ ہم برادرانہ اور مساوی تعاون کا تسلسل برقرار رکھیں‘‘۔

وزیراعظم ہاؤس سے جمعہ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر کرزئی نے اپنے خط میں کہا کہ دونوں ملکوں نے افغانستان اور پاکستان میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کا مشترکہ عزم کر رکھا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ افغانستان، ایران اور پاکستان کے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ سربراہ اجلاس نے پاک افغان مذاکراتی عمل میں مزید پیش رفت کا بھی موقع فراہم کیا۔

افغان صدر نے کہا کہ اُن کی حکومت سہ فریقی اجلاس میں کیے گئے مشترکہ عزائم کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

فروری کے وسط میں ہونے والے اجلاس میں صدر کرزئی اور اُن کے ایرانی اور پاکستانی ہم منصبوں، محمود احمدی نژاد اور آصف علی زرداری، نے افغانستان میں ایک عشرے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق اور تینوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور دیا تھا۔

پاکستان نے افغان صدر کی درخواست پر طالبان اور دیگر عسکریت پسند دھڑوں سے کابل کی طرف سے شروع کیے گئے مفاہمتی عمل میں شرکت کی اپیل بھی کی ہے، جس کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG