رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری، 15 میچز شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کیویز ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے دو مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔

پی سی بی کے مطابق پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز 27 دسمبر سے 15 جنوری 2023 تک کھیلی جائیں گی۔

مذکورہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جب کہ ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا کراچی میں ٹیسٹ اکتوبر 1990 کے بعد کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا جب کہ آخری بار کیویز ٹیم نے 2002 میں پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ چار سے آٹھ جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔

کیویز ٹیم اپنے دورۂ پاکستان کےپہلے مرحلے میں تین ون ڈے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

دوسرے مرحلے میں کیویز ٹیم کی پاکستان آمد

نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسرے مرحلے میں اپریل 2023 میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان 13 اپریل سے سات مئی تک 10 وائٹ بال میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے مرحلے میں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے اور یہ تمام میچز 2021 میں ملتوی ہونے والی سیریز کے بعد ری شیڈول کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ستمبر 2021 میں عین اس وقت دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس روانہ ہو گئی تھی جب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شروع ہونے میں چند گھنٹے ہی باقی تھے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دورہ ختم کیا ہے اور اس نے یہ قدم اپنی حکومت کی اجازت سے اٹھایا تھا۔

تاہم اب اسی دورے کے منسوخ شدہ میچز اپریل اور مئی میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

ابتدائی چار ٹی ٹوئنٹی میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں ہوں گے اور آخری میچ 23 اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اپریل اور دوسرا 28 اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

بعدزاں کیویز ٹیم راولپنڈی کا سفر کرے گی جہاں یکم مئی، چار مئی اور سات مئی کو میزبان پاکستان کے خلاف بقیہ تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG