رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ گلابی بال سے کھیلنے کا اشارہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کے دوران اپنی سر زمین پر پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ گلابی بال سے کھیلنے کا عندیہ دیا ہے۔

ادھر کرکٹ کی مقبول ویب سائٹ 'کرک انفو' نے بھی اس خبر کو نمایاں انداز میں شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کو کم از کم ایک ڈے اینڈ نائٹ میچ کرانے پیشکش کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے کراچی میں بنگلہ دیش سے ہونے والے ٹیسٹ میچ کو گلابی بال سے کھیلنے کا اشارہ دیا ہے ممکنہ طور پر یہ ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔

مقامی میڈیا میں گردش کرتی خبروں کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا اپنی سرزمین پر یہ پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ہو گا۔

پاکستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں لیکن پاکستان میں گلابی بال سے ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلنے کا یہ پہلا تجربہ ہوگا۔

پچھلے ہفتے بھارت نے بھی پہلی مرتبہ پنک بال ڈے اینڈ نائٹ میچ کھیلنے کا تجربہ کیا ہے۔

پاکستان متحدہ عرب امارات میں اپنی کئی ہوم سیریز کھیل چکا ہے اور اسی کے دوران اسے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملا تھا لیکن پاکستانی سر زمین پر یہ ڈے ایند نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا پہلا تجربہ ہوگا۔

ٹیسٹ میچ میں گلابی رنگ کی بال سے کھیلنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گلابی رنگ اندھیرے میں زیادہ واضح نظر آتا ہے اور تیز مصنوعی روشیوں میں بھی اس کا واضح سایہ نہیں بنتا جس کے سبب یہ زیادہ واضح نظر آتی ہے۔

بنگلہ دیش کا اگلے سال ہونے والا دورہ پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی-ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگا تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ابھی سیکیورٹی رپورٹ اور حکومتی ہدایات کا منتظر ہے جس کے بعد ہی دورے کا حتمی اعلان ہو سکے گا۔

بنگلہ دیش نومبر میں دورہ بھارت کے دورے کے دوران مصنوعی روشنیوں میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تجربہ کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG