رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا نیا سینٹرل کنٹریکٹ، کس کو کیا ملا؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردوں کی ٹیم کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021 کا اعلان کر دیا ہے۔ کنٹریکٹ میں تین مختلف کیٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

آئندہ برس کے لیے جاری کردہ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ آمدنی میں 25 فی صد اضافہ اور تمام کیٹیگریز کے لیے یکساں میچ فیس مقرر کی گئی ہے۔

البتہ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑی کو دی جانے والی ماہانہ تنخواہ کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

پی سی بی نے کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فاسٹ بالر حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کو کیٹیگری 'اے' میں شامل کیا ہے۔

اظہر علی، فخر زمان، فہیم اشرف، فواد عالم، شاداب خان اور یاسر شاہ کو کیٹیگری 'بی' میں شامل ہیں جب کہ امام الحق، عابد علی، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز، نعمان علی اور سرفراز احمد کو کیٹیگری 'سی' میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں اپنی بالنگ سے متاثر کرنے اور ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے نوجوان فاسٹ بالر شاہ نواز دہانی کو ایمرجنگ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ نئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی اس کیٹیگری میں عمران بٹ اور عثمان قادر بھی شامل ہیں۔

پی سی بی نے کیٹیگری اے اور بی میں شامل کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فی صد اور ایمرجنگ کیٹیگری کے ماہوار وظیفے میں 15 فی صد اضافہ کیا ہے۔

کیٹیگری اے کے کھلاڑیوں کو میچ فیس کا کوئی اضافی معاوضہ نہیں ملے گا

پی سی بی کے مطابق کیٹیگری 'اے' میں شامل کھلاڑیوں کے کسی بھی فارمیٹ کی میچ فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ لیکن کیٹیگری 'بی' میں شامل کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ کی میچ فیس میں 15 فی صد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 20 فی صد اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 25 فی صد اضافہ شامل ہے۔

کیٹیگری 'سی' اور ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ٹیسٹ کی میچ فیس میں 34 فی صد، ون ڈے انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 50 فی صد اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میچ فیس میں 67 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG