رسائی کے لنکس

بیوٹی کوئن’ پروین بابی‘ کی زندگی پر ایک اور فلم


پروین بابی کی ذاتی زندگی کبھی خوشی کبھی غم کی تصویر تھی جس میں ٹریجڈی زیادہ اور خوشی کم تھی اور یہی سب پروین کی موت کی وجہ بھی بنا

ماضی کی خوبصورت اور بولڈ ایکٹریس پروین بابی کی زندگی ہمیشہ سے بالی وڈ کے فلم میکرز کے لئے کشش کا باعث رہی ہے۔

ستر کی دہائی میں امیتابھ بچن اور ششی کپور کے ساتھ کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والی پروین بابی کی ذاتی زندگی کبھی خوشی کبھی غم کی تصویر تھی جس میں ٹریجڈی زیادہ اور خوشی کم تھی اور یہی سب پروین کی موت کی وجہ بھی بنا۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق پروین بابی کی زندگی پر ایک بار پھر فلم بننے والی ہے۔ وویک اگنی ہوتری کی نئی فلم ’فریڈم ‘ میں ساوٴتھ کی ساحرہ پائل گھوش پروین بابی کا رول نبھاتی نظر آئیں گی۔

اس سے پہلے 1982ءمیں مہیش بھٹ نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ پروین بابی کی زندگی کے گرد گھومتی فلم ’ارتھ‘ بنائی تھی جس میں سمیتا پاٹل نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ پھر کنگنا رانوت ’وہ لمحے‘ میں پروین بابی بنیں اور اب پائل گھوش ورسٹائل ایکٹریس کی زندگی کو سلور اسکرین پر پیش کریں گی۔

بالی وڈ کی اندرونی کہانیوں کی خبر رکھنے والے کہتے ہیں پائل اور پروین بابی کے درمیان پراسرا ر قسم کی یکسانیت دکھائی دیتی ہے۔پروین بابی اور کبیر بیدی کے تعلقات ’فریڈم‘ کا بنیادی موضوع ہوگا۔

بیوٹی کوئین نے فلمی دنیا میں جتنی کامیابیاں سمیٹیں ان کی ذاتی زندگی اس کے بالکل الٹ ناکام اور غمگین رہی۔

فلم ’فریڈم‘ کے بارے میں وویک اگنی ہوتری کا کہنا ہے کہ جن لوگوں سے متاثر ہو کر وہ فلم بنا رہیں ان کے نام لینا نہیں چاہتے، کیونکہ صرف پبلسٹی حاصل کرنا ان کا مقصد نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی فلم کے کردار صرف بالی وڈ کے ایکٹرز کی زندگی کو ہی پیش نہیں کریں گے، بلکہ دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے کچھ اور لوگوں کی کہانی بھی ’فریڈم‘ کا حصہ ہوگی۔
XS
SM
MD
LG