رسائی کے لنکس

افغانستان نقل مکانی کر جانے والے قبائلیوں کی پاکستان واپسی


خوست کیمپ میں موجود قبائلی بچے
خوست کیمپ میں موجود قبائلی بچے

افغان حکام کے مطابق نقل مکانی کر کے صوبہ خوست میں آنے والے پاکستانی قبائلیوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے تقریباً ڈھائی سال قبل فوجی آپریشن کے باعث افغانستان نقل مکانی کر جانے والے قبائلیوں کی وطن واپسی کا عمل پیر سے شروع ہو گیا۔

قبائلی انتظامیہ کے مطابق پہلے روز تقریباً دو سو خاندان افغان صوبہ خوست سے غلام خان کی سرحدی گزر گاہ کے راستے پاکستان میں داخل ہوں گے۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک قبائلی راہنما ملک غلام نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ وزیرستان کے لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کر رکھا تھا کہ افغانستان منتقل ہو جانے والوں کی باعزت طریقے سے وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

"حکومت نے ہمارا مطالبہ تسلیم کیا ہے۔۔۔دو سو خاندان آج آ رہے ہیں غلام خان سے وہاں ہماری پولیٹیکل انتظامیہ نے انتظامات کیے ہیں کھانے پینے کے اور ان کے لیے گاڑیاں بھی فراہم کی ہیں۔ یہاں سے یہ لوگ بکا خیل کیمپ منتقل ہوں گے اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ دو تین ہفتے کیمپ میں رکھ کر ان کے قومی کارڈ بنائے جائیں گے اور پھر ان کے علاقوں میں انھیں واپسی بھیجا جائے گا۔"

بتایا جاتا ہے کہ واپس آنے والوں میں اکثریت کا تعلق میران شاہ سے ہے۔

جون 2014ء میں پاکستانی فوج کی طرف سے شمالی وزیرستان میں ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے باعث لاکھوں لوگ ملحقہ صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں منتقل ہو گئے تھے جب کہ ہزاروں افراد نے سرحد پار افغانستان میں پناہ لی تھی۔

افغانستان جانے والوں کی صحیح تعداد کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی مصدقہ اعدادوشمار تو حاصل نہیں ہو سکے لیکن سرکاری اندازوں کے مطابق تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار خاندانوں کے کوائف اس نے حاصل کیے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق نقل مکانی کر کے صوبہ خوست میں آنے والے پاکستانی قبائلیوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

نقل مکانی کر کے پاکستان کے مختلف حصوں میں عارضی طور پر مقیم ہونے والے قبائلیوں کی اپنے علاقوں کو مرحلہ وار واپسی کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے اور اب تک ہزاروں خاندان شمالی وزیرستان واپس جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فوج کی طرف سے دہشت گردوں سے پاک کروائے گئے ایسے علاقے جہاں بحالی و تعمیر نو کا کام کافی حد تک مکمل ہو چکا ہے وہاں کے لوگوں کو دوبارہ ان علاقوں میں آباد کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG