رسائی کے لنکس

براہِ راست اسرائیل کا حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ، ایران میں فلائٹ آپریشن بحال

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے بیروت میں جمعرات کی علی الصباح ایک محدود کارروائی کی ہے جب کہ عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ بیروت کی پارلیمنٹ کے قریب عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

15:42

اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کارروائی کے دوران لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے 15 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں میونسپلٹی بلڈنگ پر حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کے کم از کم 15 جنگجو مارے گئے ہیں۔

14:43

فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر امن ممکن نہیں: امیرِ قطر

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ فلسطین کی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جمعرات کو دوحہ میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ قطر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کا بحران 'اجتماعی نسل کشی' ہے اور ان کا ملک اسرائیل کے 'استثنیٰ' سے متعلق خبردار کرتا رہا ہے۔

شیخ تمیم نے لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملوں اور ملٹری آپریشن کی بھی مذمت کی۔

13:49

ایران میں فلائٹ آپریشن بحال

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جمعرات سے ملک میں فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے سول ایوی ایشن کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی اٹھا لی گئی ہے۔

تہران نے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد منگل کو ملک بھر میں فلائٹ آپریشن معطل کر دیا تھا۔

13:20

بیروت کا مشہور کلب پناہ گاہ میں تبدیل

اسرائیل کے حملوں کے بعد لبنان کے جنوبی علاقوں میں لوگ بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ان میں سے بڑی تعداد میں خاندان دارالحکومت بیروت پہنچے ہیں۔ بیروت میں جہاں سرکاری عمارتوں میں بے گھر افراد پناہ لے رہے ہیں وہیں مشہور کلب ’اسکائی بار‘ نے بھی متاثرین کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اس کلب میں کئی خاندان پناہ لے رہے ہیں جن کے ہمراہ چھوٹے بچے بھی ہیں۔ اسکائی بار کلب نائٹ لائف کے لیے مشہور ہے جہاں ڈانس پارٹیز اور دیگر تقریبات منعقد ہوتی تھیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG