پاکستان کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ متنازع علاقے کشمیر کو تقسیم کرنے والی حدبندی "لائن آف کنٹرول" پر بھارتی فورسز کی "بلااشتعال" فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے منگل کی شام جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ بٹل سیکٹر میں بھارتی فورسز نے مبینہ طور پر فائربندی کی خلاف ورزی کی جس سے سپاہی شمس موت کا شکار ہوا۔
بعد ازاں پاکستانی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے بعد بھارتی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے 20 سالہ پاکستانی سپاہی کا تعلق گلگت بلتستان کے گاؤں شانگلوت سے تھا۔
پاکستان فوج نے ایک روز قبل بھی کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے "بلا اشتعال" فائرنگ کی گئی تھی۔ لیکن اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پاکستانی فوج کے تازہ بیان پر بھارت کی طرف سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
فائربندی کی خلاف ورزی کے یہ تازہ واقعات ایک ایسے وقت رونما ہوئے ہیں جب گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی رینجرز اور بھارتی سرحدی فورس کے سربراہان کے درمیان نئی دہلی میں چار روز تک مذاکرات ہوئے تھے جن میں فائربندی کے 2003ء کے معاہدے کی پاسداری کا عزم دہرایا گیا تھا۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سرحد پر صورتحال کو کشیدگی سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر فائرنگ و گولہ باری کے تبادلوں سے دونوں جانب 30 سے زائد شہری بھی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اسی بنا پر ان کے تعلقات بھی ایک بار پھر انتہائی کشیدہ ہو چلے ہیں۔