رسائی کے لنکس

چارلی ایبڈو کے مالک سے متعلق غلام احمد بلور کا متنازع بیان


غلام احمد بلور (فائل فوٹو)
غلام احمد بلور (فائل فوٹو)

عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ جو بھی جریدے کے مالک کو "ختم" کرے گا اسے وہ بطور انعام دو لاکھ ڈالر دیں گے۔

پاکستان میں حزب مخالف کے ایک سینیئر قانون ساز نے پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کرنے والے فرانسیسی جریدے 'چارلی ایبڈو' کے مالک سے متعلق ایک متنازع بیان دیا ہے جو کہ ذرائع ابلاغ میں نمایاں طور پر نشر ہوا۔

عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے اور سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ جو بھی جریدے کے مالک کو "ختم" کرے گا اسے وہ بطور انعام دو لاکھ ڈالر دیں گے۔

غلام احمد بلور کے اس اعلان کی نہ تو ان کی جماعت اور نہ ہی قانون سازوں میں سے کسی نے تائید کی ہے۔

تاہم پاکستانی عہدیدار یہ کہتے آئے ہیں کہ پرامن احتجاج ہی سے اپنا موقف درست انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

گزشتہ ماہ اس جریدے نے اپنے دفتر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد جاری کیے گئے تازہ شمارے کے سر ورق پر پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کیا تھا۔

غلام احمد بلور نے پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ جنوری کے اوائل میں پیرس میں چارلی ایبڈو پر حملہ کرنے والے تین شدت پسندوں کے لواحقین کو ایک لاکھ ڈالر "امدادی رقم" کے طور پر دینا چاہتے ہیں۔

پہلے انھوں نے یہ رقم 2012ء میں امریکہ میں بننے والی ایک اسلام مخالف فلم کے فلم ساز کو مارنے والوں کو دینے کا کہا تھا۔

چارلی ایبڈو پر ہونے والے حملے میں مدیر اعلیٰ اور پانچ خاکہ نویسوں سمیت کم ازکم 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ بعد میں پولیس نے کارروائی کر کے حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔

یہ جریدہ پہلے بھی پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کر چکا ہے جب کہ اس کی وجہ شہرت خاکے بنا کر مذہبی و سیاسی شخصیات پر طنز و تنقید ہے۔

پیغمبر اسلام کے خاکے کی اشاعت پر دنیا کے مختلف ممالک سمیت پاکستان میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا اور پاکستانی حکومت اس بارے میں قانونی راستہ اختیار کرنے کے لیے اسلامی ممالک کی تنظیم کو ایک خط بھی لکھ چکی ہے۔

پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کو بھی دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے اور ایسے اقدامات کے خلاف قانونی و سفارتی طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG