رسائی کے لنکس

پاکستانی خاتون صحافی 'گریٹ ویمن ایوارڈ' کیلئے نامزد


بھارتی ٹی وی اکیڈمی کی جانب سے یہ ایوارڈ 16 خواتین کو دیا جا رہا ہے جس میں ایک نام پاکستانی خاتون میزبان سدرہ اقبال کا بھی ہے۔

پاکستانی خواتین کسی پیشے میں بھی مردوں سے کسی طور پیچھے نہیں ہیں۔ جب بات ہو ٹیلی ویژن اور الیکٹرانک میڈیا میں میزبانی اور صحافتی ذمہ داریوں کی تو پاکستانی خواتین اس پیشے میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھارہی ہیں۔

حال ہی میں گریٹ خواتین کے ایوارڈ 2014 کیلئے پہلی بار ایک پاکستانی خاتون کا نام سامنے آیا ہے۔ پاکستان کی مشہور میزبان اور صحافی سدرہ اقبال کو ان کی صلاحیتوں کی بنیاد پر ایوارڈ سے نوازا جائےگا۔

بھارتی ٹی وی اکیڈمی کی جانب سے ایوارڈ مشرق وسطی سے تعلق رکھنے والی 16 خواتین کو دیا جا رہا ہے جس میں ایک نام پاکستانی خاتون میزبان سدرہ اقبال کا بھی ہے۔ انگریزی اخبار 'ڈیلی ٹائمز' کے مطابق پاکستانی میزبان صحافی کو یہ ایوارڈ ہفتے کے روز دبئی میں ہونے والی چوتھے سالانہ جی آر ایٹ خواتین ایوارڈ کی تقریب میں دیاجائےگا۔

سدرہ اقبال پاکستان میڈیا کی ایک جانی مانی شخصیت ہیں جو پاکستان ٹیلیویزن سمیت دیگر نجی چینلز پر بھی کئی پروگرام کی میزبانی کرچکی ہیں۔ وہ سال 2012 میں سنگاپور میں ہونے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور آئیفا ایوارڈ کی تقریب کی میزبانی بھی کرچکی ہیں اسکے علاوہ بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان میں میزبان کی حیثیت سے انھیں کافی شہرت حاصل ہے اس سے قبل وہ برطانیہ میں انٹرنیشنل پبلک اسپیکنگ چیمپئن شپ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔ پچھلے کئی سالوں سے وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ منسلک ہیں۔

جی آر ایٹ خواتین ایوارڈ پچھلے تین سالوں سے ایک بھارت کی ٹی وی اکیڈمی کی جانب سے ان خواتین کو دیا جاتا ہے جنھوں نے اپنی صلاحیتوں اور خدمات کے باعث خاتون ہونے کے باوجود اس پیشے میں اپنے آپکو منوایا ہے۔
XS
SM
MD
LG