پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلا گیا تیسرا ایک روزہ میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ یہ اب تک دونوں ملکوں کے خلاف کھیلے گئے 13 ون ڈے میچوں میں پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی پہلی فتح ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.4 اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سیم کرٹس 77 گیندوں پر 50 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہیں اُن کی علاوہ میڈی گرین نے 26 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے ثنا میر نے 25 رنز دے کو 4 اور سعدیہ یوسف نے 23 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ ایمان اظہر، نشرہ سندھو اور کپتان بسمہ معروف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے میچ جیتنے کیلئے 156 رنز کا ہدف 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان بسمہ معروف ناقابل شکست 36 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹس وومن رہیں۔ اُن کے علاوہ سدرہ امین نے 32 ، جویریہ خان نے 29 اور ناہیدہ خان نے 23 رنز بنائے جبکہ ثنا میر 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی اوپنرز ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک مضبوط پوزیشن دلا دی۔ پھر سدرہ امین اور جویریہ خان کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے 31 رنز کی شراکت ہوئی۔ جویریہ خان اور ارم جاوید نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے پیٹرسن سب سے کامیاب بالر رہیں۔ اُنہوں نے دو وکٹیں وکٹیں حاصل کیں۔
ثنا میر کو پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔
آئی سی سی ویمنز چیمپین شپ کے سلسلے میں ہر ٹیم نے اپنے تینوں میچ مکمل کر لئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے تینوں میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیہ کی ٹیمیں دو دو میچ جیت کر دوسرے اور تیسرے نمبر ہیں۔ انگلینڈ اور پاکستان نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور یوں وہ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ سری لنکا کی ٹیم اپنے تمام میچ ہار کر چھٹے اور آخری نمبر ہے۔