رسائی کے لنکس

پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا کر تین ملکی ٹی20 سیریز جیت لی


ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا ہدف ہے جو پاکستان نے حاصل کیا ہے۔

فخرزمان کی دھواں دار اننگز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین ملکی ٹی 20 سیریز جیت لی ہے۔ فخرزمان نے 91 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

اتوار کو کھیلے جانے والے سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا نے جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔

ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا ہدف ہے جو پاکستان نے حاصل کیا ہے۔

میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر فنچ اور ڈی آرسی شارٹ نے برق رفتاری سے رنز بنائے۔ اس دوران پاکستانی فیلڈرز نے کئی آسان کیچ بھی ڈراپ کیے جس کے باعث آسٹریلیا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 95 رنز بنالیے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی فنچ کی وکٹ کی شکل میں ملی۔ وہ 27 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ اُن کے بعد میکسویل بیٹنگ کے لیے آئے جو صرف 5 رنز بناسکے۔

شاندار اوپننگ کے بعد ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوجائے گی لیکن یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی اور بیٹسمین رنز لینے کی کوشش میں وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ یوں آخری دس اوورز میں 8 وکٹوں کے عوض 88 رنز بنے۔ شارٹ 76 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

اس طرح آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بناسکی۔

محمد عامر نے تین، شاداب خان نے دو جبکہ فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے آغاز میں پاکستان کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور کیریئر کا پہلا ٹی 20 کھیلنے والے صاحبزادہ فرحان پہلی ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

اسی اوور میں میکسویل نے حسین طلعت کو بھی صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ سرفراز احمد نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا لیکن لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان اور شعیب ملک کی بہترین پارٹنر شپ کی بدولت میچ میں فتح پاکستان کے لیے ممکن ہوسکی۔
فخر زمان اور شعیب ملک کی بہترین پارٹنر شپ کی بدولت میچ میں فتح پاکستان کے لیے ممکن ہوسکی۔

مشکل صورتِ حال میں فخر زمان اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بناکر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ فخرزمان نے صرف 46 گیندیں کھیل کر تین چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے جو ٹی20 میچوں میں اُن کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

شعیب ملک اور آصف علی نے مزید کوئی وکٹ گنوائے 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 187 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔ یہ ہدف کے تعاقب میں اب تک پاکستان کی سب سے بڑی جیت ہے۔

شعیب ملک 43 اور آصف علی 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

گلین میکسویل نے دو جبکہ رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

فخر زمان کو شاندار بیٹنگ پر’ مین آف دی میچ‘ اور ’مین آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔ فخر زمان نے سیریز میں پانچ میچز کھیل کر مجموعی طور پر 278 رنز بنائے۔

XS
SM
MD
LG