رسائی کے لنکس

بھارت کو شکست دینے کے بعد گرین شرٹس کیویز سے مقابلے کے لیے تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منگل کو شارجہ کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔ ایک طرف پاکستان ٹیم ہو گی جس نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی ہے تو دوسری جانب کیویز ٹیم ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کرنے کی کوشش کرے گی۔

گزشتہ ماہ سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ ترک کرنے والی کیویز ٹیم اور گرین شرٹس کا اس واقعے کے بعد یہ پہلا ٹاکرا ہو گا۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کی وکٹوں اور کنڈیشن کا بخوبی اندازہ ہے جب کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کا ایونٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں بھارت کو شکست دے کر مورال بلند ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 24 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جن میں سے پاکستان نے 14 میچز جیتے جب کہ نیوزی لینڈ 10 میچز میں فتح یاب رہی۔

اسی طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیمیں پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئیں، جن میں پاکستان ٹیم نے تین مرتبہ بازی اپنے نام کی اور دو میچز نیوزی لینڈ کے نام رہے۔

منگل کو ہونے والا میچ دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ میں چھٹا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ امکان ہے کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔

نیوزی لینڈ کی کارکردگی کا دار و مدار آئی پی ایل کے دوران ان کے سب سے کامیاب بلے باز کین ولیمسن اور بالر لوکی فرگوسن پر ہوگا۔ ولیم سن نے ایونٹ کے دوران آٹھ میچز کھیل کر 266 رنز بنائے تھے جب کہ اتنے ہی میچز میں لوکی فرگوسن نے 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG