ایشیا کپ’سپر فور‘ مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لئے 258 رنز کا ہدف دیا ہے۔ افغانستان نے مقررہ پچاس اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے سب سے اچھی پرفارمنس حشمت اللہ شاہدی اور کپتان اصغر افغان کی رہی جنہوں نےبالترتیب 97 اور 67 رنز بنائے۔
حشمت اللہ شاہدی کا 97 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنا، کسی بھی افغان بیٹسمین کا ایشیا ءکپ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔
پاکستانی بالرز کی بات کریں تو محمد نواز نے 3 وکٹس حاصل کیں۔
ٹاس افغانستان نے جیتا تھا۔ کپتان اصغر افغان نے پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ اوپنر محمد شہزاد اور احسان اللہ تھے جنہوں نے بہت محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے رنز بنائے اور پاکستانی بالرز کے ’حملوں‘ کاڈٹ کر مقابلہ کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی احسان اللہ کی وکٹ کی صورت میں ملی جنہوں نے اپنی ٹیم کے لئے10رنز کا انفرادی اسکور بنایا۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 26رنز تھا ۔انہیں محمد نواز نے وکٹ کے پیچھے کھڑے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
ٹیم کے مجموعی اسکور میں ابھی پانچ ہی رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ دوسرے اوپنر محمد شہزاد کو 20 رنز پر ہی اپنی اننگز بریک کرنا پڑی۔ انہیں محمد نواز نے اپنی ہی بال پر کیچ آؤٹ کیا۔
آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی رحمت شاہ تھے جنہوں نے 36رنز بنائے۔ حشمت اللہ شاہدی نے97اور اصغر افغان نے 67رنز بنائے۔ محمد نبی نے 7رنز اسکور میں جوڑے۔ نجیب اللہ نے 5رنز کا اسکور کیاجبکہ گلبدین نائب نے 10رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے چھ بالرز میدان میں اتارے گئے جن میں سب سے کامیاب بالر محمد نواز رہے۔ نواز نے تین وکٹس لئے ۔ دوسرے کامیاب بالر رہے شاہین آفریدی جنہوں نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ حسن علی نے ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی ٹیم میں شامل کھلاڑی
فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، حارث سہیل، محمد نواز ، حسن علی، عثمان خان شنواری، شاہین شاہ آفریدی۔
افغانستان کی ٹیم
محمد شہزاد، احسان اللہ، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، محمد نبی، نجیب اللہ زردان، گلبدین نائب، راشد خان، مجیب الرحمٰن، آفتاب عالم۔
بنگلادیش کا بھارت کو جیت کے لئے 174رنز کا ہدف
ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک اور میچ میں بنگلا دیش نے بھارت کو جیت کے لئے174 رنز کا ہدف دیا ہے۔ٹاس بھارت نے جیتا تھا لیکن پہلے بیٹنگ کا موقع بنگلا دیشی ٹیم کو دیا۔
رویندر جڈیجا کو ہاردیک پانڈے کے زخمی ہونے کی وجہ سے بطور متبادل بالر لیا تھا اور آج کی پرفارمنس سے انہوں نے اس فیصلے کو درست ثابت کیا۔انہوں نے 29 رنز دے کر 4 وکٹس حاصل کیں۔
اوپننگ لٹن داس اور نجم الحسین نے بنگلادیش کی اننگز کی شروعات کی تاہم بھارتی بالرز نے بنگلادیش کی ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ یہی وجہ رہی کہ بیٹسمین زیادہ رنز اسکور نہ کرسکے۔
دونوں اوپنر ز نے سات، سات رنز بنائے۔ شکیب الحسن نے 17، مستفیض الرحیم نے 21 رنز بنائے جبکہ محمد متھن 9، محمود اللہ 25، مصدق حسین 12، مشرفی مرتضیٰ اور مہدی حسن مرزا نے بالترتیب 26 اور 42 رنز بنائے۔مستفیض الرحمٰن 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور روبیل حسین ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں بنگلادیش کی ٹیم بھارت کے خلاف 49 اعشاریہ ایک اوور میں 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے پانچ بالرز استعمال ہوئے جن میں رویندر جڈیجا سب سے کامیاب رہے جنہوں نے چار وکٹس لئے جبکہ بھونیشور کمار اور جسپریٹ بمرا نے تین، تین وکٹس حاصل کئے۔
بھارتی ٹیم
روہت شرما، شیکھر دھون، امباتی رائیڈو، دنیش کارتھک، مہندر سنگھ دھونی، کیدار یادو، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، کلدیب یادو، یوزویندرچہل، جسپریٹ بمرا۔
بنگلا دیش کی ٹیم
لٹن داس، نجم الحسین، شکیب الحسن، مشفق الرحیم، محمد متھن، محمود اللہ، مصدیق حسین، مہدی حسن مرزا، مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین اور مستفیض الرحمٰن۔