رسائی کے لنکس

سابق وزیرداخلہ پر خودکش حملہ، ایک اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ میں پیپلز پارٹی شیرپاؤ گروپ کے ایک جلسے سے خطاب کے بعد جماعت کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ دیگر قائدین اور کارکنوں کے ہمراہ قافلے کی صورت میں جا رہے تھے کہ شبقدر کے علاقے کانگڑہ میں خود کش بمبار نے انھیں نشانہ بنایا۔

حملے میں آفتاب شیرپاؤ محفوظ رہے۔ چارسدہ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نثار مروت نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا جب کہ تین دیگر اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ انھوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’’جب اس گاؤں میں پہنچے ہیں تو ایک خودکش بمبار نکلا ہے اور اس نے ان پر حملہ کیا ہے۔ خودکش حملہ آور کی عمر بائیس، تیئس سال لگتی ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ کرنے کے بعد مزید پتا چلے گا‘‘۔

آفتاب شیرپاؤ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وزیر داخلہ رہ چکے ہیں اور ماضی میں بھی ان پر عسکریت پسند حملے کر چکے ہیں تاہم وہ ان میں محفوظ رہے۔

گذشتہ ہفتے خیبر پختون خواہ میں بر سرِ اقتدار جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے نوشہرہ میں ہونے والے جلسے کے اختتام پر پنڈال کے باہر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

جلسہ عام میں صوبائی وزیرِ اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی سمیت اے این پی کی اعلیٰ قیادت بھی شریک تھی لیکن دھماکے کے وقت یہ شخصیات ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے روانہ ہو چکی تھیں۔

XS
SM
MD
LG