رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کا قیام امن کی خاطر جان دینے والےچھ پاکستانیوں کے لیے بعد از مرگ اعزاز


فائل فوٹو: اقوام متحدہ کے امن دستے میں شامل فوجی جنوبی سوڈان میں گشت کر رہے ہیں
فائل فوٹو: اقوام متحدہ کے امن دستے میں شامل فوجی جنوبی سوڈان میں گشت کر رہے ہیں

اقوام متحدہ کی جانب سے امن کے قیام میں فرائض کی انجام دہی کے دوران جان دینے والے پانچ پاکستانی فوجیوں اور ایک شہری کو جمعرات کے دن بعد از مرگ اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ چھ پاکستانی دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ان 117 امن فو جیوں میں شامل ہیں جنہیوں نے گزشتہ سال فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دی اور جنہیں اس سال امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو اقوا م متحدہ کی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں جن پاکستانی فوجیوں کو بعد از مرگ اعزاز دیا گیا ان میں طاہر اکرام، طاہر محمود، محمد نعیم، عادل جان، محمد شفیق؛ اور سولین ابرار سید شامل ہیں۔

سالانہ میموریل سروس میں اقوام متحدہ کے ان اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی یاد کو تازہ کرنے کے موقعے پر پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے لواحقین کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ،"ہم ان کے دکھ میں شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کا نقصان رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان میں پانچ پاکستانی بھی شامل تھے۔ان امن فوجیوں نے اپنی جانوں سے اقوام متحدہ کے جذبے اور اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کی عظیم قربانی اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی لازوال خدمات کا ایک اور ثبوت ہے۔"

اقوام متحدہ، نیویارک میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے خصوصی تقریب 2022 میں امن کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی پیس کیپرز کے لیے تمغے وصول کیے
اقوام متحدہ، نیویارک میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر منیر اکرم نے خصوصی تقریب 2022 میں امن کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی پیس کیپرز کے لیے تمغے وصول کیے

اس وقت دنیا میں امن قائم کرنے کے اقوم متحدہ کے نو فوجی مشنز میں 4400 پاکستانی فرائض انجام دے رہیں۔ اب تک 160 پاکستانی فرائض کی ادائیگی کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق امن دستوں کا عالمی دن، 29 مئی، فوجی اور سویلین اہلکاروں کی انمول خدمات کو یاد کرنے اور تقریباً 4,200 ان فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے 1948 سے اقوام متحدہ کے جھندے تلے خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں گنوائیں۔

XS
SM
MD
LG