رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ کا آغاز، پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیت لیا


ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ہے جس کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کو دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی اور غیر ملکی فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کے بعد ہونے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔

جواباً کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 16 ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز مین آف دی میچ قرار پائے۔

پاکستان سپر لیگ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ مختلف ملکوں کے 29 کرکٹر شامل ہیں۔

ان ٹیموں میں کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی شامل ہیں۔

چار سے 23 فروری تک جاری رہنے والی لیگ میں کل 24 میچ ہوں گے جو تمام دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کا یہ پہلا ایڈیشن ہے اور منتظمین نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے آئندہ ایڈیشنز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG