رسائی کے لنکس

شیخوپورہ: خودکش بمبار سمیت چار ’دہشت گرد‘ ہلاک


پولیس کے مطابق ایک مکان میں موجود خودکش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جب کہ دیگر تین مبینہ دہشت گرد پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے قریب فیروز والا قصبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں چار مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی شیخوپورہ ضلع کی تحصیل فیروز والا کے قریب پیر کو طلوع آفتاب سے قبل کی گئی۔

حکام کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک مکان میں چھپے شدت پسندوں کی تلاش کے لیے کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس کے دستے جب اُس مکان کے قریب پہنچے تو وہاں موجود شدت پسندوں نے اُن پر فائرنگ شروع کر دی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران تین شدت پسند مارے گئے جب کہ ایک نے اپنے بارودی مواد میں دھماکا کر کے خود کا اُڑا دیا۔

اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں کے دو ساتھیوں کو زخمی حالت میں گرفتار بھی کیا گیا ہے، تاہم پولیس نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

صوبائی حکومت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور اُن کے قبضے سے کئی اہم مقامات نقشے اور اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا۔

بظاہر یہ گروپ لاہور اور اس کے مضافات میں دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر مہلک حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے طرف سے عسکریت پنسدوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، جس میں حکام کے مطابق شہری علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر کیے گئے آپریشنز میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG