رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 15 رُکنی اسکواڈ کا اعلان, شاہین آفریدی کی واپسی


آئندہ ماہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے جب کہ فخر زمان 15 رُکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، انہیں ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔

جمعرات کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوز کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا۔

ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، حیدر علی، آصف علی، حارث رؤف، افتحار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلیوں کے مطالبے کیے جا رہے تھے، تاہم چیف سلیکٹر نے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں۔

گھٹنے کی انجری کی وجہ سے فخر زمان کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے جب کہ محمد حارث اور فاسٹ بالر شاہنواز داہانی کو بھی ورلڈ کپ کے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جو ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا جائیں گے۔

ایشیا کپ کے فائنل میں ٹیم انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے والے آل راؤنڈر شعیب ملک کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم گزشتہ ایک برس کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔ اسی ٹیم نے بھارت جیسی بڑی ٹیم کو ایک برس کے دوران دو مرتبہ شکست دی۔

انگلینڈ کے خلاف اسکواڈ

انگلینڈ کے خلاف سات ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے بھی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اٹھارہ رُکنی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عامر جمال، ابرار احمد، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتحار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز داہانی، شان مسعود اور عثمان قادر شامل ہیں۔

آسٹریلیا میں آئندہ ماہ شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان 23 اکتوبر کو اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز میں بھی حصہ لے گی۔

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم جب کہ تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG