رسائی کے لنکس

پاکستان میں پھنسے امریکیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پرواز


کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جراثیم کش کیمیکلز کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔ 17 مارچ 2020
کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر جراثیم کش کیمیکلز کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔ 17 مارچ 2020

کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر کے لئے پروازیں منسوخ ہونے کے باعث پاکستان میں پھنسے ہوئے امریکی شہریوں اور گرین کارڈ ہولڈرز کی پہلی کھیپ خصوصی امریکی چارٹرڈ طیارے کے ذریعہ تین اپریل کو واشنگٹن پہنچے گی۔ تاہم بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں پر گیارہ اپریل تک بدستور پابندی عائد رہے گی۔

پاکستان میں سینکڑوں کی تعداد میں ایسے پاکستانی امریکی پھنس کر رہ گئے ہیں جو اپنے عزیزوں سے ملنے یا کسی کاروباری مصروفیت کی وجہ سے پاکستان گئے تھے۔ ان کی وطن واپسی کے لئے امریکی سفارت خانے نے یکم اپریل کو خصوصی پرواز کا اہتمام کیا تھا تاہم اسے کسی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ اب یہ پرواز جمعہ تین اپریل کی صبح دو بجے واشنگٹن کے ڈیلس اہئرپورٹ کے لئے روانہ ہو گی۔

پاکستان میں پھنسے ہوئے ایک پاکستانی امریکی صحافی ناصر قیوم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ خصوصی پرواز کراچی سے براستہ اسلام آباد واشنگٹن روانہ ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا، ’’ ابتدا میں مسافروں سے کرائے کی مد میں ایک ہزار ڈالر اور چودہ سو ڈالر ایڈوانس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم بعد میں سفارت خانے نے اس رقم کی وصولی موخر کر دی۔‘‘

ناصر قیوم کے مطابق پہلے مرحلے میں ضیف اور معمر افراد کو واپس امریکہ لے جایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد دوسری پرواز کب جائے گی، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

خصوصی امریکی چارٹرڈ پرواز کے بارے میں تفصیلات کے لئے اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا تو امریکی پریس اتاشی کا کہنا تھا کہ پرواز روانہ ہو جانے کے بعد واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے حکام اس کی تفصیلات فراہم کر دیں گے۔

پاکستان کی سول ایوی ایشن نے بھی لندن اور کینیڈا کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں شروع کرنے کا نوٹیفکشن جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی امریکی پھنسے ہوئے ہیں انھیں وطن واپس لایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG