رسائی کے لنکس

’ون پاؤنڈ فش مین‘ کی پاکستان واپسی


شاہد نذیر اپنے گانے کی وڈیو میں پرفارم کرتے ہوئے
شاہد نذیر اپنے گانے کی وڈیو میں پرفارم کرتے ہوئے

لاہور پہنچنے پر شاہد نذیر نے بتایا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے وطن واپس آئے ہیں جس دوران وہ فرانس کا ویزہ حاصل کریں گے۔

’ون پاؤنڈ فش‘ گانے سے عالمی شہرت پانے والے پاکستانی شہری شاہد نذیر جمعرات کو لاہور پہنچے ہیں۔

شاہد نذیر کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ لاہور کے ہوائی اڈے پر موجود تھے اور انھیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شاہد نذیر نے کہا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

’’یہاں سے میں نے فرانس کا ویزا حاصل کرنا ہے اور ہم یہ گانا (ون پاؤنڈ فش) فرانس میں ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔‘‘

شاہد نذیر نے ان اطلاعات کی نفی کی کہ انھیں برطانوی حکام نے ملک چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔ ’’یہ بالکل غلط خبر ہے مجھے کسی نے ڈی پورٹ نہیں کیا ہے، میں پاکستان آیا ہوں۔ میں نے فرانس جانا ہے میں یہاں فرانس کا ویزا حاصل کرنے آیا ہوں۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ وہ اپنی ’فیملی‘ کو فرانس لے کر جانا چاہتے ہیں۔ ’’میں خود گانے لکھوں گا اور خود گاؤں گا۔ انگریزی، اردو اور پنجابی میں۔‘‘

لگ بھگ دو سال قبل شاہد نذیر ’اسٹوڈنٹ‘ ویزا پر برطانیہ گئے تھے، ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے پتوکی سے ہے۔

گزشتہ آٹھ ماہ سے وہ مشرقی لندن کےعلاقے اپٹن پارک میں واقع کوئن مارکیٹ میں مچھلی فروش کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، جہاں انھوں گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے صدا لگانی شروع کی اور بعد میں یہیں اُنھوں نے وہ گاناتخلیق کیا جو آج زبان زدِ عام ہے۔

’کم آن لیڈیز ،کم آن لیڈیز ۔ون پاؤنڈ فش‘

اُن کے اس گانے کو اب تک یوٹیوب پر لگ بھگ چالیس لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں جبکہ اُن کےگانے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آچکی ہے۔
XS
SM
MD
LG