رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کو فتح کے لیے 491 رنز کا ہدف


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان نے دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے انگلینڈ کو 491 رنز کا ہدف دیا ہے جو کہ اس سے اب تھی 361 رنز کی دوری پر ہے جب کہ اس کے پاس سات وکٹیں اور ایک دن کا کھیل باقی ہے۔

اتوار کو دبئی میں میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 222 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن جلد ہی کپتان مصباح الحق اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

کریز پر موجود بلے باز یونس خان نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر کھیل کو جاری رکھا اور شاندار 118 رنز بنائے۔ اسد شفیق 79 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 354 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر ختم کرنے کا اعلان کیا اور مجموعی طور پر انگلینڈ کو 491 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں برطانوی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا اور محض 19 کے مجموعی اسکور پر اس کے دو اہم کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

این بیل نے روٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کو کچھ دیر تک سنبھالا دیا لیکن وہ بھی 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 378 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 242 رنز ہی بنا سکی تھی۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG