رسائی کے لنکس

انگلینڈ کو فتح کے لیے 238 رنز درکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی ٹیم 355 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے حریف کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں وہ اب تک دو وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان نے تیسرا اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے انگلینڈ کو 284 رنز کا ہدف دیا ہے۔

شارجہ میں میچ کے چوتھے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو انگلینڈ ہدف کے تعاقب میں دو وکٹیں گنوا چکا تھا اور اب بھی وہ 238 رنز کے فاصلے پر ہے۔

46 کے مجموعی اسکور پر دو برطانوی بلے بازوں کو پاکستانی باؤلر شعیب ملک نے پویلین کی راہ دکھائی۔ شعیب ملک اعلان کر چکے ہیں کہ یہ ان کا آخری ٹیسٹ میچ ہے اور اس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو پاکستان نے 146 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ راحت علی بغیر کوئی رن بنائےاینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے لیکن محمد حفیظ نے اپنی سینچری مکمل کر کے مصباح کے ساتھ مل کر مزید رنز جوڑنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

پاکستان کا اسکور جب 245 تھا تو کپتان مصباح الحق 38 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے کچھ ہی دیر بعد محمد حفیظ 151 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد آنے والے بلے بازوں میں اسد شفیق اور سرفراز احمد نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا جس میں بعد ازاں وہاب ریاض نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ تینوں نے بالترتیب 46، 36 اور 21 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی ٹیم 355 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے حریف کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی طرف سے براڈ نے تین، اینڈرسن نے دو، سمت پٹیل، معین علی اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 234 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔ پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا جب کہ دوسرے میں میزبان ٹیم نے 178 رنز سے برتری حاصل کی تھی۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد ایک روزہ میچوں کی سیریز ہو گی جس کا پہلا میچ گیارہ نومبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG