رسائی کے لنکس

شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے


 فاسٹ بالر کے گھٹنے پر سوزش ہے جس کی وجہ سے وہ سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
فاسٹ بالر کے گھٹنے پر سوزش ہے جس کی وجہ سے وہ سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

شاہین آفریدی گال ٹیسٹ کے چوتھے روز باؤنڈری پر بال پکڑنے کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کے گھٹنے میں چوٹ آئی تھی جس کے لیے ان کا اسکین بھی کرایا گیا جس کی رپورٹ تسلی بخش آئی تھی۔ البتہ فاسٹ بالر کے گھٹنے پر سوزش ہے جس کی وجہ سے وہ سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ سے آؤٹ ہونے کے بعد شاہین آفریدی کا ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کا انتظار بھی طویل ہو گیا ہے۔ وہ اب تک 25 ٹیسٹ میچز پر مشتمل اپنے کریئر میں 99 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

گال ٹیسٹ میں بھی انہوں نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں وہ اپنی 100 وکٹیں مکمل کرلیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے گال میں ہی شروع ہو گا۔ اس سے قبل یہ میچ کولمبو میں کھیلا جانا تھا تاہم احتجاجی مظاہروں اور امن و امان کی خراب صورتِ حال کے بعد دوسرا ٹیسٹ بھی گال ہی منتقل کر دیا گیا تھا۔

پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 342 رنز کا ہدف چار وکٹوں پر حاصل کر کے دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔ گال کے میدان میں پاکستان کی یہ اس لحاظ سے بھی تاریخی کامیابی تھی کہ پاکستان نے اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کبھی اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا تھا۔

پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جب کہ سری لنکن ٹیم تیسری پوزیشن سے محروم ہو کر چھٹی پر پہنچ گئی ہے۔

اگر دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکن ٹیم کامیاب ہوئی تو وہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ جائے گی اور پاکستان کو پانچویں نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

اگر دوسرا ٹیسٹ بھی پاکستان کے نام رہا تھا بابر الیون 55 فی صد کامیابی کے ساتھ رینکنگ میں تیسری پوزیشن مستحکم کر لے گی۔

XS
SM
MD
LG