رسائی کے لنکس

پاکستان نے بھارت کا جاری کردہ کشمیر کا نیا نقشہ مسترد کر دیا


سرینگر میں بھارتی فوجی گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
سرینگر میں بھارتی فوجی گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

پاکستان نے نئی دہلی کے جاری کردہ بھارت کے نئے سیاسی نقشے مسترد کر دیے ہیں۔ بھارت نے نئے نقشے میں اپنے زیر انتظام کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم جبکہ اسلام آباد کے زیر انتظام کئی علاقے بھی بھارت کا حصہ دکھائے ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدام غیر قانونی ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

بھارت کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک نوٹفکیشن جاری کیا تھا جس میں جموں اور کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرنے کے بعد قائم کی گئیں جموں اور کشمیر یونین ٹریریٹریز اور لداخ کی نئی سرحدوں کو ظاہر کیا گیا اور اس کے ساتھ ہی بھارت کا ایک نیا سیاسی نقشہ جاری کیا گیا جس میں پاکستان کے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں کو بھی بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ نقشے نا صرف غلط اور غیر قانونی ہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ کی قرردادوں کی بھی نفی کرتے ہیں اور یوں وہ انہیں مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔

پاکستان کا مذید کہنا ہے کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔ بھارتی حکومتی اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت سلب نہیں کر سکتے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کرایا جائے۔

بھارتی حکومت نے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد اب لداخ اور جموں و کشمیر میں اپنا لیفٹننٹ گورنر بھی تعینات کردیا ہے۔

XS
SM
MD
LG