رسائی کے لنکس

پاکستانی ٹرینوں میں امریکی انجن، ریلوے کو جدید بنانے کا نیا عزم


جنرل الیکٹرک نے جون 2015ء میں پاکستان ریلوے کو 55 جدید ترین ڈیزل انجن فروخت کرنے کا معاہدہ کیاتھا۔ 4500 ہارس پاور کے یہ انجن مکمل طور پر امریکا میں بنائے گئے ہیں۔

پاکستان ریلوے کو جدیدبنانے کے نئے عزم کے ساتھ اب پاکستانی ریلوں کو امریکی انجن کھینچیں گے۔ اس حوالے سے پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جمعہ کو کراچی کینٹ اسٹیشن پرامریکی کمپنی’ جنرل الیکٹرک ‘کے انجنوں کا معائنہ کیا۔

کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن، جنرل الیکٹرک کے پاکستان اور وسطی ایشیا کے سی ای او صائم شیخ، پاکستان ریلوے کی چیئرپرسن پروین آغا اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نثار احمد میمن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مذکورہ افراد نے امریکی ٹیکنالوجی اور سازوسامان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح ان سے ریلوے کے انفرااسٹرکچر کو طویل المعیاد بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا جس سے پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔

ڈیوڈ ہیل نے اس موقع پر کہا ’ ان امریکی انجنوں میں سے زیادہ تر پاور پلانٹس کے لیے استعمال ہوں گے ۔ ان سے پاکستان ریلوے کو زیادہ سے زیادہ سامان کی ترسیل میں مدد ملے گی۔ زیادہ سامان کی ترسیل سے صنعتی شعبوں کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ’’ امریکی انجنوں کی ڈلیوری امریکا کے نجی شعبے کی پاکستان سے وابستگی کے لیے اچھی خبر ہے، اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔‘‘

جنرل الیکٹرک کے پاکستان اور وسطی ایشیا کے سی ای او صائم شیخ کا کہنا تھا کہ ’’ ہمیں حکومت پاکستان کے ملکی ذرائع نقل و حمل کو بہتراور جدید بنانے کے عزم میں ساتھ دینے پر فخر ہے۔ جنرل الیکٹرک کے ایوولیوشن سیرز کے انجنوں کی پاکستان ریلوے کو تیز ترین فراہمی ہمارے عزم کی عکاس ہے۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’ ایوولیوشن سیریز کے انجن اپنی کلاس کے دوسرے انجنوں کے مقابلے میں کم خرچ اور بہتر کارکردگی کے حامل ہیں جس سےنہ صرف یہ کہ سامان کی ترسیل میں کم اخراجات آتے ہیں بلکہ ماحولیات پر منفی اثرات بھی کم مرتب ہوتے ہیں۔‘‘

پاکستان ریلوے کے نمائندے نے بتایا ’’ پاکستان جنوبی ایشیا میں پہلا ملک ہے جو جنرل الیکٹرک کے ایوولیوشن سیرز کے انجن درآمد کر رہا ہے۔ امریکی انجنوں سے پاکستان ریلوے کو جدید بنانے اور ادارے کی فعالیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔‘‘

جنرل الیکٹرک نے جون 2015ء میں پاکستان ریلوے کو 55 جدید ترین ڈیزل انجن فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ 4500 ہارس پاور کے یہ انجن مکمل طور پر امریکا میں بنائے گئے ہیں۔

یہ انجن رواں سال کے دوران وقفے وقفے سے کراچی پورٹ پہنچائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں 7 انجن شیڈول سے دو مہینے پہلے 23 جنوری 2017ء کو کراچی پورٹ پہنچائے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG