پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پمرا) نے پچھلے مہینے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی غلط رپورٹنگ کرنے پر 16 ٹیلی وژن چینلز پر دس لاکھ روپے فی چینل جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
ان ٹیلی وژن چینلز نے غلط طور پر یہ خبر نشر کی تھی کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ کے دیگر راہنماؤں کی تقاریر پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
جب کہ عدالت نے پمرا کو یہ ہدایت کی تھی کہ وہ عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے کے سلسلے میں قانون کو مدنظر رکھے۔
جن چینلز پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں رائل نیوز، دن نیوز، چینل 92، دنیا نیوز، چینل 5، آج ٹی وی، ایکسپریس نیوز، روز ٹی وی، سما ٹی وی، ڈان نیوز ٹی وی، اے آر وائی نیوز، وقت ٹی وی، بول نیوز، کے ٹی این نیوز، کوہ نور ٹی وی، اور جیو نیوز شامل ہیں جب کہ مشرق ٹی وی پر اس سلسلے میں صرف ٹیکر چلانے پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پمرا نے کہا ہے کہ اس نے 19 اپریل کو 17 ٹیلی وژن چینلز کو نوٹس جاری کیے تھے جس میں ان کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ تحریری جواب کے ساتھ 24 اپریل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
ٹیلی وژن چینلز کے نمائندوں کے دلائل سننے کے بعد پمرا نےیہ محسوس کیا کہ انہوں نے الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی خلاف ورزی کی ہے اور اس سلسلے میں اتھارٹی کی جانب سے 6 اپریل کو جاری کیے جانے والی ہدایت کو نظر انداز کیا ہے۔
تمام مذکورہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 6 مئی کو اپنے پرائم ٹائم کے دوران غلط خبر نشر کرنے پر معذرت کریں اور اپنے پروگراموں میں ڈیلے مشین کا مناسب طور پر استعمال کریں۔
پمرا نے کہا ہے کہ فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں وہ چینلز کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے اور ان کا لائسنس معطل یا منسوخ کر سکتا ہے۔