پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے نگران ادارے "پیمرا" نے ٹی وی اور ایف ایم ریڈیو چینلز پر مانع حمل مصنوعات کے اشتہار چلانے پر لگائی گئی پابندی کو واپس لے لیا ہے۔
جمعرات کو پیمرا نے ہدایت جاری کی تھی کہ ایسے اشتہارات سے متعلق موصول ہونے والی مختلف شکایات کے تناظر میں ان کے نشر کرنے پر پابندی ہوگی۔
تاہم ہفتہ کو ایک اور نوٹس میں ادارے کا کہنا تھا کہ خاندانی منصوبہ بندی کے اشتہارات پر مکمل پابندی کے فیصلے پر منقسم رائے کے پیش نظر معاملے کو اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے رکھا جا رہا ہے جس کا فیصلہ آنے تک اشتہارات کے نشر کرنے پر مکمل پابندی نہیں ہو گی۔
نوٹس میں یہ ہدایت بھی کی گئی کہ بچوں کے ٹی وی دیکھنے کے اوقات میں یہ اشتہارات نشر نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی پرائم ٹائم میں انھیں نشر کیا جاسکتا ہے جو کہ رات 11 بجے تک ہے۔
مزید برآں مانع حمل مصنوعات کے اشتہارات کی زبان اور وڈیو کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتی جائے۔
اشتہارات پر پابندی لگائے جانے کے بعد اس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار دیکھنے میں آیا تھا۔
بعض حلقوں کا کہنا تھا کہ مکمل پابندی کی بجائے اس کا طریقہ کار وضع کیا جانا ضروری ہے۔