رسائی کے لنکس

دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے: نواز شریف


جنرل راحیل شریف کی قیادت میں عسکری کمانڈروں سے ملاقات میں ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے منگل کو صرف قومی سلامتی سے متعلق اُمور اور دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقہ کار پر صلاح و مشورے جاری رکھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے قومی یکجہتی نا گزیر ہے۔

وزیراعظم نے اپنی حکومت کے اہم وزراء کے علاوہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے بھی تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

جنرل راحیل شریف کی قیادت میں عسکری کمانڈروں سے ملاقات میں ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ’ضرب عضب‘ جاری رہے گا جب کہ دہشت گردی کے سدباب کے لیے قومی لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیراعظم نے تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کی ایک کانفرنس بدھ کو اسلام آباد میں طلب کر لی ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار کی قیادت میں قائم خصوصی کمیٹی کی تیار کردہ سفارشات کو منظوری کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل منگل کی صبح اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے ایک اور اجلاس میں بھی اس عزم کو بھی دہرایا گیا کہ تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔

اُنھوں نے کہا کہ جس طرح کے وحشیانہ حملے پشاور، کوئٹہ اور واہگہ میں ہوئے، کوئی بھی قوم انھیں نہیں بھلا سکتی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں ملوث عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں، چاہے اُن کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، اُن کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اُدھر پاکستانی ایوان بالا یعنی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے منگل کو ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت کو تجویز دی کہ وہ انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے۔

پشاور میں فوج کے زیرانتظام اسکول پر دہشت گردوں کے مہلک حملے میں 133 بچوں سمیت 149 افراد کی ہلاکت کے بعد شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے ملک بھر میں عمومی اتفاق رائے دیکھنے میں آیا۔

حملے کے بعد پاکستانی فوج قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG