رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں ’چار دہشت گرد ہلاک‘


یہ میزائل حملہ پیر کی صبح جنگلات سے ڈھکے علاقے شوال میں شاہی خیل کے مقام پر کیا گیا جس کا ہدف شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک مکان تھا۔

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں کم از کم چار مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

قبائلی ذرائع کے مطابق یہ میزائل حملہ پیر کی صبح جنگلات سے ڈھکے علاقے شوال میں شاہی خیل کے مقام پر کیا گیا جس کا ہدف شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک مکان تھا۔

اطلاعات کے مطابق میزائل لگنے سے مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ جس علاقے میں یہ کارروائی کی گئی وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کو رسائی حاصل نہیں۔

واضح رہے کہ شوال کے علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ گزشتہ جمعرات کو ہونے والے میزائل حملے میں چھ مشتبہ شدت پسند مارے گئے تھے۔

پاکستان ڈرون حملوں کو ملکی سالمیت اور سرحدی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی بندش کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔

امریکہ ڈرون کو دہشت گردوں کے خلاف ایک موثر ہتھیار گردانتا ہے۔ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہوں کے علاوہ القاعدہ اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے اہم کمانڈر بھی مارے جا چکے ہیں۔

دہشت گردوں کی آماجگاہ سمجھے جانے والے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں 15 جون کو ’ضرب عضب‘ کے نام سے ایک بھرپور فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے مطابق اس قبائلی علاقے میں آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک لگ بھگ 1600 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جب کہ ان کارروائیوں میں 120 سے زائد فوجی ہلاک بھی ہوئے۔

فوج کے مطابق شمالی وزیرستان کے 90 فیصد علاقے کو دہشت گردوں سے صاف کیا جا چکا ہے جب کہ بعض دور دراز علاقوں میں اب بھی کارروائی جاری ہے۔

اُدھر پیر کو وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور نا ہی یہ برداشت کرے گا کہ دہشت گرد پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے کسی دوسرے ملک کی سرزمین استعمال کریں۔

پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر 16 دسمبر کو دہشت گردوں کے مہلک حملے کے بعد پاکستان نے ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG