رسائی کے لنکس

سابق پاکستانی فوجی افسر نیپال میں 'لاپتا'


سابق فوجی افسر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر (فائل فوٹو)
سابق فوجی افسر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر (فائل فوٹو)

ان کی گمشدگی کے بارے میں ان کے اہل خانہ نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

پاکستان نے اپنے ایک سابق فوجی افسر کی نیپال میں گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں حکام نیپالی حکومت سے رابطے میں ہیں۔

ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر کا چھ اپریل کو نیپال کے علاقے لُمبینی پہنچنے پر اپنے اہل خانہ سے آخری بار رابطہ ہوا تھا جس کے بعد سے ان کے حدود اربع کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں اور ان کا فون بھی بند ہے۔

ان کی گمشدگی کے بارے میں ان کے اہل خانہ نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وزارت نے نیپال میں حکام سے حبیب ظاہر کی گمشدگی کا معاملہ اٹھایا ہے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق حبیب ظاہر 2014ء میں پاکستانی فوج سے ریٹائر ہوئے تھے جس کے بعد وہ فیصل آباد میں ایک نجی ادارے میں ملازمت کر رہے تھے۔ انھوں نے ملازمت کے بہتر مواقع کے لیے اپنا سی وی انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس پر ڈال رکھا تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے پاکستانی اداروں کی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ حبیب ظاہر کو انٹرنیٹ کے ذریعے ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی جس کے لیے انھیں نیپال میں انٹرویو کے لیے آنے کا کہتے ہوئے فضائی سفر کا ٹکٹ بھی ارسال کیا گیا۔

وہ گزشتہ بدھ کو لاہور سے براستہ عمان نیپال کے لیے روانہ ہوئے جمعرات کو کٹھمنڈو پہنچنے کے فوراً بعد وہ لُمبینی کے لیے روانہ ہو گئے۔

یہ علاقہ بھارت کی سرحد کے قریب واقع ہے اور سابق پاکستانی فوجی افسر کی اس گمشدگی سے متعلق مقامی ذرائع ابلاغ میں مختلف قیاس آرائیوں نے بھی جنم لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG