رسائی کے لنکس

نیپال اور بھارت میں زلزلہ، پاکستان کی طرف سے مدد کی پیشکش


حکومت کی طرف سے نیپال اور بھارت میں اپنے سفارت خانوں سے کہا گیا کہ وہ ان دونوں میزبان ممالک کی حکومتوں سے رابطہ کر کے یہ جاننے کی کوشش کریں کہ اُن کی امداد کی ضروریات کیا ہیں۔

پاکستان نے نیپال میں ہفتہ کی صبح آنے والے شدید زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹانے کی پیش کش کی ہے۔

نیپال میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کے جھٹکے خطے کے دیگر ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔

نیپال کے پڑوسی ملک بھارت میں بھی زلزلے سے تباہی ہوئی۔

وزیراعظم نواز شریف جو ان دنوں لندن میں ہیں، اُنھوں نے ایک بیان میں نیپال اور بھارت میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

سرکاری بیان میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے زلزلے سے نیپال اور بھارت میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان ممالک کے عوام سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔

پاکستان کی وفاقی حکومت کی طرف سے نیپال اور بھارت میں اپنے سفارت خانوں سے کہا گیا کہ وہ ان دونوں میزبان ممالک کی حکومتوں سے رابطہ کر کے یہ جاننے کی کوشش کریں کہ اُن کی امداد کی ضروریات کیا ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں آفات سے نمٹنے کا قومی ادارہ ’نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی‘ مختصر نوٹس پر امدادی سامان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG