رسائی کے لنکس

پاکستان: کثیر الملکی بحری افواج کی مشترکہ مشقیں


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے بحری بیڑے کے کمانڈر رئیر ایڈمرل خان ہاشم بن صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ بحری مشقیں دہشتگردی اور سمندری جرائم کے خلاف متحدہ کوششوں کے عزم کی عکاس ہیں۔

بحیرہ عرب میں پاکستان کی سمندری حدود میں پیر سے کثیرالملکی بحری افواج نے مشترکہ مشقوں کا آغاز کیا جو پانچ روز تک جاری رہیں گی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی ان مشقوں میں شریک ممالک میں امریکہ، برطانیہ، چین، جاپان اور ترکی کی بحریہ کے دستے بھی شامل ہیں۔

’’امن 13‘‘ کے نام سے جاری بحری مشقوں کے میزبان ملک پاکستان کے بحری بیڑے کے کمانڈر رئیر ایڈمرل خان ہاشم بن صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ بحری مشقیں دہشتگردی اور سمندری جرائم کے خلاف متحدہ کوششوں کے عزم کی عکاس ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ان مشقوں سے علاقائی امن و استحکام کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی ان بحری مشقوں کا آغاز 2007ء میں پاکستان نے اس لیے کیا تھا تاکہ ان میں حصہ لینے والے ممالک کی بحری افواج ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔

رواں سال ہونے والی مشقوں میں پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت اور ایران کی بحریہ کے دستے شریک نہیں ہیں۔

پاکستان میں ہونے والی ان چوتھی امن بحری مشقوں میں اس سال بین الاقوامی سمندری حدود میں بحری جہازوں اور کشتیوں میں سفر کو محفوظ بنانے اور بحری قزاقوں کے حملوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے لیے حل نکالنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG