رسائی کے لنکس

ایم کیو ایم کے 150 کارکن لاپتا، کوئی شنوائی نہیں۔ وسیم اختر


میئر کراچی وسیم اختر ہیوسٹن میں، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی آرگنائزیشن کی تقریب میں تقریر کر رہے ہیں۔ 17 جولائی 2019
میئر کراچی وسیم اختر ہیوسٹن میں، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی آرگنائزیشن کی تقریب میں تقریر کر رہے ہیں۔ 17 جولائی 2019

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے 150 کارکن اب بھی لاپتا ہیں۔ ایم کیو ایم نے وزیر اعظم عمران خان سے لاپتا افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے مگر کہیں کوئی شنوائی نہیں ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے اپنے لاپتا کارکنوں کے متعلق وزیر اعظم سے بات تو کی ہے، مگر ابھی تک انہوں نے حکومت کو مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

میئر کراچی وسیم اختر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے کے موقع پر وائس آف امریکہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس تقریب کا اہتمام ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی آرگنائزیشن نے کیا تھا۔

تقریب میں وسیم اختر کے ساتھ کمشنر کراچی افتخار شاکوانی، میونسپل کمشنر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی آرکنائزیشن کے صدر سعید شیخ، قونصل جنرل عائشہ فاروقی سیمت ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کاروباری افراد اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میں ایک بے بس میئر ہوں۔ تمام اختیارات اور محکمے سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ کراچی تباہ ہو چکا ہے، مگر صوبائی اور وفاقی حکومت کو کوئی فکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کرنے تو پھر آپ کو آئندہ بلدیاتی الیکشن کروانے اور الیکشن پر رقم خرچ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر، ہیوسٹن میں کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی آرگنائزیشن کی تقریب میں۔17 جولائی 2019
میئر کراچی وسیم اختر، ہیوسٹن میں کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی آرگنائزیشن کی تقریب میں۔17 جولائی 2019

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکن اب بھی لاپتا ہیں۔ اگر ایم کیو ایم کے کارکن کسی جرم میں ملوث ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ان کے مقدمات کھلی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ لاپتا کارکنوں کے اہل خانہ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ ہمارے لوگ کب بازیاب ہوں گے، مگر ہمارے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور میئر کراچی نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی لاپتا کارکنوں کے متعلق بات کی تھی مگر اس کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

دوسری طرف وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور حکومت لاپتا افراد کے معاملے کے حل میں انتہائی سنجیدہ ہیں، مگر اس بارے میں صرف سیاسی بیان بازی نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایم کیو ایم کو اپنے لاپتا افراد کے مکمل کوائف حکومت کو فراہم کرنے چاہیئں۔

میئر کراچی کی جانب سے اختیارات نہ دیے جانے کی شکایت پر فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ یہ سندھ حکومت کا معاملہ ہے۔ وفاق اس میں مداخلت نہیں کرے گا اور نہ ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سندھ میں گورنر راج لگائے گی۔

XS
SM
MD
LG