رسائی کے لنکس

مون سون بارشیں آئندہ ہفتے شروع ہو سکتی ہیں: محکمہ موسمیات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرے کے بارے میں تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کوآگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو جائے گا۔

پاکستان میں مون سون کی بارشیں معمول کی مطابق یکم جولائی سے شروع ہوتی ہیں اور ستمبر تک جاری رہتی ہیں تاہم پاکستان کے محکمہ موسمیات نے اس بار معمول سے چند دن پہلے بارشوں کے اس سلسلے کے شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

پاکستان کے محکمہ موسمات کے سربراہ ڈاکٹر غلام رسول نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخونخواہ کا بالائی علاقوں کے علاوہ، کشمیر اور صوبہ پنجاب کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بارشیں زیادہ ہوں گی جبکہ صوبہ بلوچستان کے کوہ سلیمان کے علاقے بھی مون سونکی بارشوں سے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

’’ شدید بارشیں ہوں سکتی ہیں جو سیلاب کا باعث بنیں گی جس میں اچانک سیلاب کا آنا بھی شامل ہے اس کے علاوہ شہری علاقوں میں بھی سیلاب کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے‘‘۔

ڈاکٹر غلام رسول نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرے کے بارے میں تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کوآگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ مون سون کی بارشیں شروع ہونے کے بعد گرمی کی شدت میں بھی کمی آئے گی۔

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے رواں ماہ کہا تھا کہ اس سال مون سون کی بارشیں معمول سے 10 سے 20 فیصد زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ جب کہ پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے ’این ڈی ایم اے‘ نےدریائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے اچانک سیلاب آنے کے خطرے کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔

پاکستان کو گزشتہ چند سالوں سے غیر معمولی موسمیاتی تغیرات کا سامنا ہے جس دوران غیر معمولی بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے سیکڑوں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

XS
SM
MD
LG