رسائی کے لنکس

اسٹریس اور انگزائٹی میں کیا فرق ہے؟


  • 'اسٹریس' اور 'انگزائٹی' دونوں ایک دوسرے سے زیادہ مختلف تو نہیں ہیں لیکن دونوں کے درمیان فرق ضرور ہے۔
  • انسان اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں اسٹریس محسوس کرتا ہے۔اسٹریس اِس صورتِ حال کے گزرنے کے ساتھ ہی ختم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے آپ تناؤ محسوس کر رہے ہوتے ہیں۔
  • انگزائٹی دراصل اسٹریس کا ردِ عمل ہوتا ہے۔ انگزائٹی عام طور پر خوف یا خوف کا مستقل احساس ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دور نہیں ہوتا۔
  • اسٹریس اور انگزائٹی کی کیفیت پر قابو پانے کے لیے ایکسرسائز، یوگا، مکمل نیند اور معتدل غذا مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ویب ڈیسک— ہم میں سے اکثر لوگ 'اسٹریس' اور 'انگزائٹی' کی کیفیت سے واقف تو ہوں گے لیکن شاید بہت سے لوگوں کو اِن دونوں کے درمیان فرق معلوم نہیں ہو گا۔

اسٹریس' اور 'انگزائٹی' دونوں ایک دوسرے سے زیادہ مختلف تو نہیں ہیں لیکن دونوں کے درمیان فرق ضرور ہے۔

سب سے پہلے بات کرتے ہیں اسٹریس یا ذہنی دباؤ کی جو روز مرہ روٹین میں کہیں نہ کہیں ہم میں سے اکثر لوگ محسوس کرتے ہوں گے۔

امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ (این آئی ایم ایچ)کے مطابق انسان اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں اسٹریس محسوس کرتا ہے۔مثال کے طور پر کسی کو بہت زیادہ کام کی وجہ سے تناؤ محسوس ہوتا ہے یا زندگی میں کوئی تکلیف دہ صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے تو اس طرح کی کیفیت اسٹریس کہلاتی ہے۔

این آئی ایم ایچ امریکہ کے محکمۂ صحت کا ذیلی ادارہ ہے جو دماغی صحت سے متعلق ریسرچ اور اس کی روک تھام کے لیے کام کرتا ہے۔

اسٹریس اُس صورتِ حال کے گزرنے کے ساتھ ہی ختم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے آپ تناؤ محسوس کر رہے ہوتے ہیں۔

مثلاً کسی امتحان سے قبل یا جھگڑے کے وقت ہونے والا تناؤ جھگڑا یا امتحان ختم ہونے کے بعد از خودختم ہو جاتا ہے۔

اس کے علاوہ اسٹریس کی کیفیت کسی کے لیے منفی تو کسی کے لیے مثبت ثابت ہوسکتی ہے۔ مثال کے طور پر اسٹریس کی وجہ سے کوئی شخص وقت پر اپنا کام ختم کرنے کا عزم کر لیتا ہے۔ جب کہ بعض کے لیے یہ نیند اڑا دینے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

اب بات کرتے ہیں انگزائٹی یا اضطراب کی۔ انگزائٹی دراصل اسٹریس کا ردِ عمل ہوتا ہے۔ انگزائٹی عام طور پر خوف یا خوف کا مستقل احساس ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دور نہیں ہوتا۔

انگزائٹی آپ کی روز مرہ روٹین کو متاثر کرسکتی ہے۔

انگزائٹی کا شکار افراد اُس وقت بھی خوف کی کیفیت میں رہتے ہیں جب حقیقت میں ان کے لیے کوئی خطرے والی صورتِ حال نہیں ہوتی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے مطابق اسٹریس اور انگزائٹی دونوں ہی جسمانی اور ذہنی صحت کو متاثر کر سکتی ہیں۔

اسٹریس اور انگزائٹی کی وجہ سے ہر وقت پریشان رہنا، سر یا جسم میں درد، ہائی بلڈ پریشر اور نیند میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

البتہ لائف اسٹائل میں چند تبدیلیاں یا بعض کاموں کو عادت بنا لینے سے دونوں ہی صورتِ حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اسٹریس اور انگزائٹی کی کیفیت پر قابو پانے کے لیے ایکسرسائز، یوگا، مکمل نیند اور معتدل غذا مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اپنے خیالات کو لکھنا بھی آپ کو پُرسکون کر سکتا ہے۔

اگر یہ تمام چیزیں کرنے کے باوجود بھی آپ اسٹریس یا انگزائٹی کا شکار ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ماہرِ نفسیات سے رجوع کیا جائے۔

فورم

XS
SM
MD
LG