رسائی کے لنکس

پاکستانی فوج کا بھارتی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ


’آئی ایس پی آر‘ نے گرائے جانے والے ڈرون کی ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس میں اس میں نصب کیمرے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے بھارت کا بغیر ہوا باز کے جاسوس طیارہ ’ڈرون‘ مار گرایا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک مختصر بیان کے مطابق کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر بھمبر کے علاقے میں بھارت کے ’ڈرون‘ کو اُس وقت گرایا گیا جب وہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ جاسوس ڈرون فضائی فوٹو گرافی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

’آئی ایس پی آر‘ نے گرائے جانے والے ڈرون کی ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس میں اس میں نصب کیمرے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں بھارت کے سفارت خانے سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ ان تک یہ خبر میڈیا کے ذریعے سے ہی پہنچی ہے اور مزید کسی طرح کا ردعمل نہیں دیا گیا۔

پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی ’ڈرون‘ کو مار گرانے کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب گزشتہ ہفتے ہی روس کے شہر ’اوفا‘ میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات ہوئی جس سے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کی توقع ہو چلی تھی۔

بھارت کی طرف سے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ڈائریکٹر جنرلز میں جلد ملاقات ہو گی جس کے بعد دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز بھی ملیں گے۔

دونوں ممالک کے مشیر برائے قومی سلامتی کے درمیان نئی دہلی میں ایک ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا، تاہم تاحال اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG