رسائی کے لنکس

جان قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج تحسین


وزیراعظم نواز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے مشن کو پورا کرنے کے لیے پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

پاکستان میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے فوج کے جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بدھ کو پاکستان میں ’’یوم شہدا‘‘ منایا گیا۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے اس دن کی مناسبت سے اپنے اپنے پیغامات میں فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انھیں ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم کیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواج کی بہادری اور قربانیوں کا احترام کرتی ہے اور یہ قربانیاں ان کے بقول کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نواز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملکی دفاع کے مشن کو پورا کرنے کے لیے پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کے بقول یہ پوری قوم اور مسلح افواج کا فخر ہیں۔

پاکستان میں یوم شہدا ایک ایسے وقت منایا جا رہا ہے جب حالیہ دنوں میں طالبان سے مذاکرات اور بعض دیگر معاملات پر حکومت اور فوج کے درمیان تناؤ کی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں تاہم حکومتی عہدیدار بشمول وزیراعظم اس تاثر کی نفی کر چکے ہیں۔

بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے فوج کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

"اگر دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نواجوان اور افسران قربانی نہ دیتے، وہ سینے پر گولیاں نہ کھاتے، آج وہ منوں مٹی کے نیچے نہ گئے ہوتے تو کیا میں آج اس زمین پر کھڑا گفتگو کر رہا ہوتا؟ جو آزادی مجھے آج حاصل ہے اس ملک میں اس آزادی کا تحفظ کس نے کیا ہے، دہشت گرد میری اس آزادی چھیننا چاہتے تھے اس آزادی کا تحفظ ہماری مسلح افواج کے جوانوں نے کیا ہے۔"

حکومت اور فوج میں خلش کی خبریں اور بعض وزرا کی طرف سے بظاہر فوج سے متعلق تنقیدی بیانات کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا یہ بیان بھی سامنے آ چکا ہے کہ فوج ہر ادارے کا احترام کرتی ہے اور اپنے وقار کا بھی ہر صورت دفاع کرے گی۔

یوم شہدا کی مرکزی تقریب راولپنڈی میں فوج کے صدر دفتر جی ایچ کیو میں منعقد ہو گی جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
XS
SM
MD
LG